نواز شریف اور مریم نواز کا مری میں پڑا ئوکا پروگرام ،3 سے 4روز تک قیام کرینگے

خیبر پختونخوا ہ کے رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں متوقع ،اتحادی جماعت کے رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں ترتیب دی جا رہی ہیں پارٹی صدر شہبازشریف کی بھی مری کیلئے روانگی متوقع ہے، نوازشریف اپنی لیگل ٹیم کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے‘ ذرائع

اتوار 26 نومبر 2023 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نوازشریف نے ایک بار پھر مری میں پڑا ئوکا پروگرام بنا لیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف آج ( سوموار) کے روز مری کے لئے روانہ ہوں گے، نوازشریف اور مریم نواز مری میں 3 سے 4 روز تک قیام کریں گے، مری میں قیام کے دوران مسلم لیگ (ن) کے قائد کی اہم ملاقاتیں متوقع ہیں، نوازشریف کی خیبر پختونخوا ہ کے رہنمائوں سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق نوازشریف کی اتحادی جماعت کے رہنمائوں سے بھی ملاقاتیں ترتیب دی جا رہی ہیں۔سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی بھی مری کے لئے روانگی متوقع ہے، نوازشریف مسلم لیگ (ن) کی لیگل ٹیم کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔یاد رہے کہ آج سوموار کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں نواز شریف کی اپیلوں کی سماعت بھی ہو گی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا 2 رکنی بنچ العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں نواز شریف کی اپیلوں کی سماعت کرے گا۔