کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے کے گھر کے باہرفائرنگ

منگل 28 نومبر 2023 12:54

کراچی میں جماعت اسلامی کے سابق ایم پی اے کے گھر کے باہرفائرنگ
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) لیاری بہار کالونی میں رہائش پذیر جماعت اسلامی کے سابق رکن سندھ اسمبلی عبدالرشید کی رہائش گاہ کے باہر فائرنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔جس وقت فائرنگ کا واقعہ ہوا عبدالرشید جماعت اسلامی کے دفتر میں موجود تھے تاہم واقعہ اطلاع ملنے پر وہ فوری طور پر اپنے گھر پہنچ گئے۔

ترجمان سٹی ڈسٹرکٹ پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ بظاہر خوف و ہراس پھیلانے اور ڈرانے دھمکانے کا معلوم ہوتا ہے ، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ایچ او چاکیواڑہ اور پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر پہنچ کر معلومات حاصل کی گئی تو پتہ چلا کہ جس گلی میں سابقہ ایم پی اے عبدالرشید کی رہائش ہے اس گلی میں ہوائی فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جبکہ ان کی رہائش گاہ کی دیوار ، کھڑی یا کسی بھی مقام پر گولی لگنے کا کوئی نشان نہیں پایا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس کو جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 2 خول ملے ہیں جنھیں قبضے میں لے لیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق علاقے میں نصب کلوز سرکٹ کیمروں کو تلاش کر کے ان کی فوٹیجز حاصل کی جا رہی ہیں تاکہ ملزمان سے متعلق مزید معلومات حاصل کی جا سکے جبکہ سابق ایم پی اے جماعت اسلامی کے بیان کی روشنی میں رپورٹ درج کی جا رہی ہے ۔