مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہر طرف مایوسی کا عالم ہے،چوہدری نعیم اختر

مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو رکوانے میں اقوام عالم اپنا کلیدی کردار ادا کرے

منگل 28 نومبر 2023 15:00

فرانس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2023ء) چیئرمین جموں وکشمیر فورم فرانس وسابق کوآرڈینیٹر وزیراعظم آزادکشمیر برائے یورپ چوہدری نعیم اختر نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں ہر طرف مایوسی کا عالم ہے اور کشمیری خوف ودہشت کے ماحول میں جی رہے ہیں ان خیالات کا اظہار انھوں نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا انھوں نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر کے کشمیریوں کو تمام بنیادی حقوق سے محروم کر کے بین الاقوامی قوانین اور معاہدوں کی خلاف ورزی کر رہا ہے مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری ظلم و بربریت کو رکوانے میں اقوام عالم اپنا کلیدی کردار ادا کرے۔

انھوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر کے لوگوں کے تمام جمہوری حقوق بحال کرے اس وقت بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر کو ایک کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے تنازعہ جموں وکشمیر کے حل کے لئے دنیا اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں تعینات لاکھوں بھارتی افواج کی موجودگی میں کشمیریوں کی جان،مال،عزت اور آبرو محفوظ نہیں 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں وکشمیر میں ریاستی دہشت گردی اور مظالم میں تشویشناک حد تک اضافہ ہوا ہے انھوں نے اقوام عالم سے بھرپور مطالبہ کیا ہے کہ وہ جنوبی ایشیاء کے پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لئے تنازعہ کشمیر حل کروانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔