ٹی ٹونٹی ویل چیئر ایشیا کپ کی فاتح پاکستان ٹیم کے اعزازمیں تقریب کا انعقاد

منگل 28 نومبر 2023 22:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 نومبر2023ء) نگران وزیراعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقرنے ٹی ٹونٹی ویل چیئر ایشیا کپ 2023 ء کی فاتح پاکستا ن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب کا اہتمام منگل کو جامعہ کراچی اور سپورٹ ٹرسٹ کے زیر اہتمام کے ایم سی سپورٹس کمپلیکس میں کیا گیا جس میں سابق ممبرقومی اسمبلی کشورزہرہ نے بھی شرکت کی۔

اس موقع پر نگران وزیراعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر اور جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالدمحمودعراقی نے خصوصی افراد میں 200ویل چیئر زبھی تقسیم کیں۔نگراں وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لگن اور جذبہ کی وجہ سے جسمانی کمزوری یا معذوری انسان کو اس کی منزل سے نہیں روک سکتی،میں ویل چیئر ایشیا کپ 2023 ء جیتنے والی ٹیم کومبارکباد پیش کرتاہوں کہ انہوں نے خصوصی افراد ہونے کے باوجود پاکستان کا نام روشن کرنے کے لئے اپنی بھرپورتوانائیاں صرف کیں اور پاکستان کا پرچم بلند کیا،ہمیں مختلف کھیلوں میں حصہ لینے والے سپیشل پرسنز کی حوصلہ افزائی کے لئے سرکاری ونجی سطح پر بڑھ چڑھ کرحصہ لینا چاہیئے۔

(جاری ہے)

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے ویل چیئر ایشیا کپ جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ کھلاڑی پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں جو لائق تحسین اور قابل تقلید ہے،مجھے خود بھی کھیلوں سے بہت زیادہ لگائو ہے۔انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی میں بہت جلد سپورٹ ٹرسٹ کے اشتراک سے سپیشل اولمپکس کا انعقاد کیاجائے گا۔ ہمیں سول سوسائٹی اور حکومتی سطح پر تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جامعہ کراچی نے 2019 ء ایشیا کپ کی ویل چیئر فاتح کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں بھی ظہرانے اور عشائیے کا اہتمام کیا تھا۔