چینی پولیس کے 8رکنی وفد کا سول سیکرٹریٹ کا دورہ، دو طرفہ تعاون بڑھانے کا عزم

بدھ 29 نومبر 2023 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2023ء) چینی صوبے جیانگ سوپولیس کے آٹھ رکنی وفد نے تھن یونگ شنگ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل پبلک سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کی سر براہی میں بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ کا دورہ کیا اور دو طرفہ تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے وفد کا استقبال کیا اور انہیں نگران وزیراعلی پنجاب کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

چیف سیکرٹری نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب نے وفد کیلئے خصوصی طور پر نیک خواہشات کا پیغام بھجوایا ہے۔انہوں نے کہا کہ چین سے تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اورتعلیم، صحت، ماحولیات اور دیگر شعبوں میں شراکت داری بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب ماحولیاتی آلودگی اور سموگ پر قابو پانے کیلئے چین کے تجربے سے فائدہ اٹھانا چاہتاہے۔

(جاری ہے)

تھن یونگ شنگ نے کہا کہ پنجاب معاشی سرگرمیوں کا مرکز ہے، دونوں دوست ممالک کے مابین وفود کے تبادے سے دو طرفہ تعاون کوفروغ ملے گا۔انہوں نے پنجاب پولیس کی پیشہ وارانہ قابلیت کو بھی سراہا۔وفد نے میزبانی پر چیف سیکرٹری پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ میاں شکیل احمد نے وفد کو صوبے میں چینی باشندوں کی سیکیورٹی کے لیے کئے جانیوالے اقدامات بارے آگاہ کیا۔ وفد کو سول سیکرٹریٹ میں واقع مقبرہ انار کلی کا دورہ بھی کرایا گیا۔

متعلقہ عنوان :