Live Updates

عمران خان نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی بنانے کا فیصلہ کیوں کیا؟ وجہ سامنے آگئی

تحریک انصاف کا یہ فیصلہ اسٹیبلشمنٹ سے بہتر رابطہ کاری اور بند گلی سے باہر آنے کی کوشش قرار دے دیا گیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 30 نومبر 2023 11:54

عمران خان نے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین پی ٹی آئی بنانے کا فیصلہ کیوں کیا؟ ..
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 نومبر 2023ء ) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے بیرسٹر گوہر کو چیئرمین شپ دینے کے فیصلہ کی وجہ سامنے آگئی۔ جنگ اخبار کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو جب الیکشن کمیشن کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا تو عمران خان نے کہا میں الیکشن کمیشن کو کوئی بہانہ نہیں دینا چاہتا کہ وہ عام انتخابات میں پی ٹی آئی سے بلے کا نشان لے یا پی ٹی آئی کو الیکشن میں حصہ نہ لینے دے، اس لیے پی ٹی آئی کو بند گلی سے نکالنے اور اسٹیبلشمنٹ سے بہتر رابطہ کاری کیلئے راستہ بنانے کے مقصد کے لیے بیرسٹر گوہر کو آگے لایا گیا ہے، تاہم بیرسٹر گوہر کی تعیناتی کے فیصلے سے پی ٹی آئی کے اندر عمران خان مخالف حلقے کو مایوسی ہوئی۔

بتایا گیا ہے کہ عمران خان جو جیل میں اپنا بیشتر وقت قانونی تنازعات سے خوش اسلوبی سے نمٹنے کی سوچ میں گزارتے ہیں اور سخت گیر موقف کے منفی اثرات کو زائل کرنے کیلئے پارٹی کے اندر ایک تبدیلی لائی گئی، کیئر ٹیکر چیئرمین کو وہ تمام اختیارات حاصل ہوں گے جو پارٹی دستور نے چیئرمین کو دیئے ہیں تاہم یہ بات طے ہے کہ پارٹی دستور میں کیئر ٹیکر چیئرمین لانے کی گنجائش نہیں پارٹی آئین میں نگران عہدیدارکا کوئی ذکر نہیں ہے، ان حالات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی تبدیلی ایک سمارٹ موو ہے جس کا تعلق الیکشن سے ہے اور جس کا مقصد الیکشن میں پی ٹی آئی کیلئے راستہ بنانا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کمیشن کے آرڈر پر عمل کر رہے ہیں اور انٹرا پارٹی الیکشن کر ا رہے ہیں، انٹرا پارٹی الیکشن میں بیرسٹر علی گوہر چیئرمین کے امید وار ہوں گے، چیئرمین کے ساتھ دیگر عہدیدار بھی منتخب ہوں گے کیوں کہ ہم نے فیصلہ کر لیا ہے کہ پی ٹی آئی اعم انتخابات ضرور لڑے گی اور ہم بلے کے نشان پر حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی میں ہارڈ کور اور سافٹ فیس کا کوئی نظریہ نہیں ہے، عمران خان پارٹی چیئرمین تھے اور تاحیات چیئرمین رہیں گے لیکن ہمیں الیکشن میں جانا ہے، جس کیلئے قانونی تقاضے پورے کر رہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات