غزہ کی تباہی فلمانے پراسرائیل نے فلسطینی شہری کا ڈرون ہیک کرلیا

جمعرات 30 نومبر 2023 14:11

مقبوضہ بیت المقدس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) حماس اور اسرائیل کے درمیان عارضی جنگ بندی نے غزہ کی پٹی پر ہفتوں کے اسرائیلی بمباری کی وجہ سے ہونے والی ہولناک تباہی کا انکشاف کیا ہے۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فلسطینی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے پورے کے پورے محلوں کو زمین کے برابر کردینے والی تباہی کو فلم بند کرنا شروع کیا ہے۔

تاہم اسرائیلی فوج نے ایک معروف کارکن کو ایسا کرنے سے روک دیا اور اس کا ڈرون قبضے میں لے لیا۔ یہ کارکن غزہ کی پٹی میں ہونے والی تباہی کی فلم بندی کی کوشش کر رہا تھا۔فلسطینی کارکن صالح الجعفراوی نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے اس کا ڈرون اس وقت کھینچ لیا جب وہ غزہ کے آسمان پر پرواز کر رہا تھا۔ اس کی وجہ سے نوجوان کا ڈرون پر کنٹرول ختم ہوگیا اوراسرائیلی اس ڈرون کو ہیک کرکے لے گئے۔

(جاری ہے)

نوجوان اور اس کے ساتھی نے ڈرون کے پیچھے بھاگنے کی کوشش کی لیکن ڈرون کے اسرائیلی سرحد میں داخل ہوتے ہی ان کی کوشش ناکام ہوگئی۔صالح کے انسٹاگرام اکائونٹ کو تقریبا ڈیڑھ ملین فالو کرتے ہیں۔ صالح نے کہا کہ چوروں نے جہاز کو اپنی طرف کھینچ لیا ہے۔ یہ پہلے دن سے ہی چور ہیں۔ڈرونز کے ذریعے لی گئی خوفناک ویڈیو کلپس میں شمالی غزہ، جنوب میں خان یونس شہر اور پٹی کے وسط میں الزہرا میں بڑے پیمانے پر تباہی کو دکھایا گیا ہے۔ وہ تمام مقامات پر جہاں پر پہلے رہائشی عمارتیں کھڑی تھیں وہاں پر اب ملبے کے ڈھیر پڑے ہیں۔سوشل میڈیا پر ساحلی شہر کی ویڈیوز کی ایک بڑی تعداد کو پھیلایا گیا ہے۔ غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے موقع پر 50 دنوں تک خوفناک بمباری کی گئی ہے۔