پاک چائنہ مشترکہ ڈپلومہ برائے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے زرعی ترقی کی نئی راہیں استوار ہونگی، چینگ وائی بین

جمعرات 30 نومبر 2023 14:43

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2023ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کمیونٹی کالج میں جار ی چائنہ پاک مشترکہ ڈپلومہ برائے جدید زرعی ٹیکنالوجی سے دونوں ممالک کے مابین زرعی تعلقات اور تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے زرعی ترقی کی نئی راہیں مرتب واستوار ہونگی۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کمیونٹی کالج میں مشترکہ ڈپلومہ کے تحت داخل ہونیوالے طلبہ کیلئے منعقدہ اورینٹیشن سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر بیلی ووکیشنل کالج چائنہ کے صدر پنگ ڈونجنگ تھینکڈ، چائنیز انٹر نیشنل ایجوکیشن گروپ کے سی ای او سونگ، ڈائریکٹر چینگ وائی بین الاقوامی تعلقات بیلی ووکیشنل کالج چنگ وائی، ڈین جدید زراعت کالج ٹینگ وی جی زرعی یونیورسٹی کے کمیونٹی کالج کے پرنسپل ڈاکٹر انجم ضیا، یاسر شکور، ڈاکٹر اطہر محمود، ڈاکٹر شفیق الرحمان و دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

پنگ ڈونجنگ نے کہا کہ مشترکہ ڈپلومے سے طلبہ کو دونوں ممالک کی سائنسدانوں سے استفادہ کرنے کے مواقع میسر آئیں گے جس سے وہ روشن مستقبل کا حصول ممکن بنا سکیں گے۔ سونگ نے کہا کہ تھینکڈ انٹر نیشنل ایجوکیشن گروپ کے تحت پاکستان ملیشیا، تھائی لینڈ، ساؤتھ کوریا، ساؤتھ افریقہ، روس و دیگر ممالک میں ذیلی ادارے قائم کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر انجم ضیانے کہا کہ اس مشترکہ ڈپلومے کا دوسرے بیچ کا اجرا کر دیا گیا ہے جبکہ اس ڈپلومے میں داخلہ لینے والے پہلے دو سال زرعی یونیورسٹی میں جبکہ تیسرے سال چائنہ میں تعلیم حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈپلومہ اپنی نوعیت میں منفرد مقام رکھنا ہے جس سے طلبہ جدید زرعی ٹیکنالوجی کی تعلیم کے ذریعے زرعی چیلنجز سے نبرد آزما ہونے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔