مقبوضہ کشمیر میں (کل) مکمل ہڑتال کی جائے گی

کشمیری کسی کو اپنے مذہب کا مذاق اڑانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے، شبیر شاہ

جمعرات 30 نومبر 2023 22:46

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 نومبر2023ء) سرینگر کے ایک انسٹیٹیوٹ میں زیر تعلیم بھارت سے تعلق رکھنے والے ایک ہندو طالب علم کی طرف سے پیغمبر اسلام ﷺکی شان اقدس میں گستاخانہ ویڈیو پوسٹ کرنے کے مذموم فعل کے خلاف کل بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے جبکہ تمام آزادی پسند تنظیموں نے اس کی حمایت کی ہے۔

ہڑتال کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی گرفتاریوں، طلباپر کالے قوانین لاگو کرنے، سرکاری ملازمین کی برطرفی اور لوگوں کی جائیدادوں کی ضبطی کے خلاف بھی احتجاج کرنا ہے۔نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سری نگر میں زیر تعلیم ایک ہندو طالب علم کی طرف سے سوشل میڈیا پر حضور اکرم ﷺکے بارے میں توہین آمیز ویڈیو کلپ پوسٹ کیے جانے کے بعد مقبوضہ علاقہ منگل سے شدید غم و غصے کی لپیٹ میں ہے۔

(جاری ہے)

سری نگر کے این آئی ٹی، امر سنگھ کالج اور اسلامیہ کالج کے طلباء نے گزشتہ تین روز میں اپنے کیمپسز میں زبردست مظاہرے کیے ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سری نگر اور مقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں دیواروں، ستونوں اور بجلی کے کھمبوں پر چسپاں پوسٹرز کے ذریعے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کل ہڑتال کو بھر پور طریقے سے کامیاب بنائیں۔ علمائے اور ائمہ کرام نے بھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ہندو طالب علم کے گھناؤنے جرم کے خلاف (کل) نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کریں۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند سینئر رہنما شبیر احمد شاہ نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے بھیجے گئے ایک پیغام میں کہا کہ کشمیری مسلمان کسی کو اپنے مذہب کا مذاق اڑانے کی ہرگز اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو مشتعل کرنے کے لیے ایسے گستاخانہ فعل ناقابل قبول ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنمائوں پروفیسر عبدالغنی بٹ، آغا سید حسن الموسوی الصفوی، محمد یوسف نقاش، غلام نبی وار، حکیم عبدالرشید، چوہدری شاہین اقبال، جاوید احمد میر اور محمد عاقب نے اپنے بیانات میں ہندوطالب علم کے اس فعل کی مذمت کرتے ہوئے اسے کشمیری مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کی دانستہ کوشش قرار دیا۔

دریں اثنا، بھارتی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں نے سرینگر میں کئی مقامات پر چھاپے مارے ۔ یہ چھاپے ’’ دریائے جہلم کوآپریٹو ہاؤس بلڈنگ سوسائٹی ‘‘کے نام پر ڈھائی کروڑ روپے سے زائد کے بینک فراڈ سے متعلق ایک جھوٹے کیس کے سلسلے میں مارے گئے۔