ملکی خزانے میں دوبارہ سے ڈالرز کی آمد شروع

زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہی ہفتے میں نمایاں اضافہ ہو گیا، اسٹیٹ بینک نے ڈالرز ذخائر کے اعداد و شمار جاری کر دیے

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 نومبر 2023 21:55

ملکی خزانے میں دوبارہ سے ڈالرز کی آمد شروع
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر 2023ء) ملکی خزانے میں دوبارہ سے ڈالرز کی آمد شروع، زرمبادلہ ذخائر میں ایک ہی ہفتے میں نمایاں اضافہ ہو گیا، اسٹیٹ بینک نے ڈالرز ذخائر کے اعداد و شمار جاری کر دیے۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 9 کروڑ 5 لاکھ ڈالرز اضافے سے 12 ارب 39 کروڑ 28 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے زرمبادلہ سے متعلق جارہ کردہ ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق 24 نومبر کو ہفتہ کے اختتام پر مجموعی ذخائر کا حجم 12 ارب 39 کروڑ 28 لاکھ ڈالر تھا۔ مرکزی بینک کے مطابق گذشتہ سے پیوستہ ہفتے میں زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر کی مالیت 12 ارب 30 کروڑ 23 لاکھ ڈالرز تھی۔ اس طرح ایک ہفتے میں اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں 7 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا۔

(جاری ہے)

7 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کے اضافے سے مرکزی بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 7 ارب 25 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز کی سطح پر پہنچ گئے جو گذشتہ ہفتے 7 ارب 18 کروڑ ڈالرز پر تھے۔ اعدادوشمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران کمرشل بینکوں کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 1 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز کا اضافہ ہوا اور یہ ذخائر 5 ارب 13 کروڑ 58 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گئے جو گزشتہ ہفتے 5 ارب 12 کروڑ 23 لاکھ ڈالرزکی سطح پر تھے۔

دوسری جانب زرمبادلہ کی دونوں مارکیٹوں میں ڈالر کے مقابلے میں روپیہ تگڑا رہا جس سے ڈالر کے اوپن ریٹ 287 روپے سے نیچے آگئے۔ جمعرات کو کاروباری دورانیے کے دوران انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر ایک موقع پر 79 پیسے کی کمی سے 284 روپے 60 پیسے پر بھی آگئی تھی لیکن کاروبار کے اختتام پر انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 23 پیسے کی کمی سے 285 روپے 16 پیسے پر بند ہوئی۔ جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قدر 50 پیسے کی کمی سے 286 روپے 50 پیسے پر بند ہوئی۔

متعلقہ عنوان :