لاہور کی تاریخ کے سب سے بڑے فلائی اوورز منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا

مولانا محمد علی جوہر روڈ پر 2.2 کلومیٹر طویل فلائی اوورز اور 10 پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنائے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں عام ٹریفک کے لیے بننے والے یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں، منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 نومبر 2023 22:51

لاہور کی تاریخ کے سب سے بڑے فلائی اوورز منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 30 نومبر2023ء) لاہور کی تاریخ کے سب سے بڑے فلائی اوورز منصوبے کا افتتاح کر دیا گیا، مولانا محمد علی جوہر روڈ پر 2.2 کلومیٹر طویل فلائی اوورز اور 10 پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنائے گئے ہیں، صوبائی دارالحکومت میں عام ٹریفک کے لیے بننے والا یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں، منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعلٰی پنجاب محسن نقوی نے مولانا محمد علی جوہر روڈ فلائی اوورز پراجیکٹ کا افتتاح کر دیا۔ مولانا محمد علی جوہر فلائی اوورز کو 10ماہ کی بجائے 7ماہ سے بھی کم مدت میں مکمل کر لیا گیا۔ نگران حکومت کے مطابق رواں سال ہونے والی شدید بارشوں کے باوجود منصوبے کو مدت تکمیل سے پہلے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور کی مصروف ترین شاہروں میں سے ایک مولانا محمد علی جوہر روڈ پر 2.2 کلو میٹر کے فلائی اوورز اور 10 پروٹیکٹیڈ یو ٹرنز بنائے گئے ہیں۔ ایل ڈی اے کے مطابق لاہور میں عام ٹریفک کے لیے بننے والے یہ سب سے طویل فلائی اوورز ہیں ۔ منصوبے کی تکمیل سے وحدت روڈ تا پیکو روڈ سگنل فری کوریڈور بن گیا ہے۔ اکبر چوک، شوک چوک، جناح ہسپتال، ماڈل ٹاون لنک روڈ، کچا جیل روڈ، پیکو روڈ اور مادرملت سمیت 10 مقامات پر پروٹیکٹیڈ یوٹرن بنائے گئے ہیں، ان نئے یوٹرنز کی تعمیر سے طویل شاہراہ سگنل فری ہو گئی۔

نگران وزیر اعلٰی نے دعوٰی کیا ہے کہ منصوبے میں تبدیلی کرکے قیمتی درختوں کو بچایا گیا ہے اورایک درخت بھی نہیں کاٹا گیا بلکہ 285 درختوں کو محفوظ بنایا گیا ہے۔ منصوبے کے اطراف میں 300نئے درخت بھی لگائے گئے ہیں۔ مولانا محمد علی جوہر فلائی اوورز شہر کے 7سے 8بڑے علاقوں کیلئے سہولت مہیا کرے گا۔