سندھ کابینہ،9 ہزار 901 اسکولوں کی مرمت کیلئے 3.3 ارب روپے کی منظوری

پاکستان رینجرز نے 1.38 ارب روپے فنڈز طلب کیے ،سندھ کابینہ نے پاکستان رینجرز کو فنڈز دینے کی منظوری بھی دے دی

جمعہ 1 دسمبر 2023 17:41

سندھ کابینہ،9 ہزار 901 اسکولوں کی مرمت کیلئے 3.3 ارب روپے کی منظوری
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 دسمبر2023ء) سندھ کابینہ کی جانب سے 9 ہزار 901 اسکولوں کی مرمت کے لیے 3.3 ارب روپے کی منظوری دی گئی ہے۔جمعہ کونگراں وزیرِ اعلی سندھ مقبول باقر کی سرابرہی میں سندھ کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبائی وزرا، چیف سیکرٹری، ایڈووکیٹ جنرل اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔اجلاس کے دوران سیکرٹری ایجوکیشن نے کابینہ کو بتایا کہ سندھ میں 9 ہزار 901 اسکولوں کو مرمت کی ضرورت ہے جس پر ان اسکولوں کی مرمت کے لیے 3.3 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

سندھ کابینہ نے اجلاس کے دوران پولنگ کے لیے اسکولوں کو مطلوبہ سہولتیں فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کروائی۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق پاکستان رینجرز نے 1.38 ارب روپے فنڈز طلب کیے ہیں، جن سے رینجرز واٹر کینن، کوئیک ریسپانس وہیکلز، مواصلاتی آلات خریدے گی۔

(جاری ہے)

ترجمان وزیرِ اعلی سندھ کے مطابق اجلاس کے دوران سندھ کابینہ نے پاکستان رینجرز کو فنڈز دینے کی منظوری بھی دے دی۔

ترجمان وزیرِ اعلی کے مطابق محکمہ آبپاشی نے سندھ کابینہ کے سامنے فلڈ پروٹیکشن سیکٹر پروجیکٹ پیش کیا۔سیکرٹری آب پاشی نیاز عباسی کے مطابق سندھ کے 40 سیلابی منصوبے مذکورہ اسکیم میں شامل ہیں، وفاقی حکومت ایشیا انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ بینک سے قرض لے رہی ہے، 11.970 ارب روپے قرضہ ہو گا، 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد سندھ حکومت دے گی۔نگراں وزیراعلی سندھ مقبول باقر نے قرض لینے سے متعلق کابینہ کمیٹی قائم کر دی، کمیٹی میں یونس ڈاگھا، ایشور لال، چیئرمین پی اینڈ ڈی اور سیکریٹری خزانہ شامل ہوں گے، کمیٹی اپنی سفارشات نگراں وزیرِ اعلی کو دے گی۔

متعلقہ عنوان :