میر ظفراللہ خان جمالی کی تیسری برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی

ہفتہ 2 دسمبر 2023 18:56

ڈیرہ اللہ یار (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) سابق وزیراعظم میر ظفراللہ خان جمالی کی تیسری برسی نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی، برسی کے موقع پر قرآن خوانی اور خیرات فی سبیل اللہ کا بھی اہتمام کیا گیا، مرحوم کے صاحبزادوں، قبائلی و سیاسی عمائدین سمیت علاقہ معتبرین نے بڑی تعداد میں شریک ہو کر مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کے لئے خصوصی دعا کی گئی، تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم اور بزرگ سیاستدان میر ظفر اللہ خان جمالی کی تیسری برسی انکے آبائی علاقے روجھان جمالی میں نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی، برسی پر مرحوم کے صاحبزادوں سابق صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی، سابق ایم این اے میر فرید اللہ جمالی، میر جاوید خان جمالی، سابق ڈسٹرکٹ چیئرمین حاجی قطب الدین جمالی، میر برہان خان جمالی، سابق ایم این اے میر خان محمد جمالی سمیت قبائلی و سیاسی شخصیات سمیت علاقہ معتبرین نے مزار پر حاضری دیکر پھولوں کی چادر چڑھائی اور درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صوبائی وزیر میر عمر خان جمالی نے کہا کہ والد بزرگوار کا شمار ملک کے معروف اور سیاستدانوں میں ہوتا ہے وہ ایک منجھے ہوئے سیاستدان اور محب وطن پاکستانی تھے، سیاسی میدان میں انہوں نے ملک و قوم کے لئے بے شمار خدمات سرانجام دیئے، میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات سے جو بلوچستان بلخصوص نصیرآباد ڈویژن میں پیدا ہونے والا سیاسی خلاء صدیوں تک پر نہیں ہوسکتا انہوں نے ہمیشہ علاقے صوبے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے لئے کام کیا، میر ظفراللہ خان جمالی بلوچستان کے وزیراعلیٰ اور ملک کے وزیراعظم کے عہدوں پر فائز رہے، وہ دو دسمبر 2020 میں مختصر علالت کے بعد روالپنڈی اسپتال میں انتقال کر گئے۔