پاکستان میں مختلف تہذبت سے وابستہ اقوام آباد ہیں لیکن سب کا جذبہ وطن عزیز کے لیے یکساں ہے،جسٹس مقبول باقر

ہماری حب الوطنی، قوم سے محبت اور اس کی فلاح و بہبود کے لیے ہمارا عزم ہمارے نظم و ضبط اور لگن سے جڑا ہوا ہے،نگراں وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 2 دسمبر 2023 21:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 دسمبر2023ء) نگراں وزیراعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقر نے کہا ہے کہ ہمیں ہمیشہ یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ ہماری حب الوطنی، قوم سے محبت اور اس کی فلاح و بہبود کے لیے ہمارا عزم ہمارے نظم و ضبط اور لگن سے جڑا ہوا ہے۔یہ بات انہوں نے ہفتہ کو آئی بی اے کراچی میں آئی بی اے کنوکیشن 2023 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آج کا دن ہونہار طلبہ کی انتھک محنت اور پر عزم کمٹمنٹ کو ظاہرکرتا ہے۔یہ ہمارے وطن عزیز کے روشن اور چمکتے ستارے ہیں جو اپنے روشن مستقبل سے ملک عزیز کی خدمت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے آئی بی اے کراچی میں اعلی تعلیم کی فراہمی میں سب سے آگے ہے۔انہوں نے کہا کہ 1955 میں اس انسٹی ٹیوٹ نے پنسلوانیا کے ایک مشہور یونیورسٹی وہرٹن اسکول آف فنانس کے ساتھ اشتراک کیا جس کے ثمر ہم سب کے سامنے ہیں۔

(جاری ہے)

آئی بی اے ایک اعلی کثیر الشعبہ ادارے کی حیثیت سے ہم سب کے سامنے ہے یہاں تین ممتاز اسپیکرٹرم جیسے اسکول آف بزنس اسٹیڈیز ، اسکول آف اکنامکس اینڈ سائنسز اور اسکول آف میتھمیٹس اینڈ کمپورٹر سائنس جہاں جامع تعلیم دی جاتی ہے۔ ہمیں اپنے ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کرنا ہے۔ طلبہ ہمارا عظیم اثاثہ ہیں۔آج ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم اپنے وطن وقوم کی خدمت اور فلاحی کاموں میں اپنے لوگوں کی مدد کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ مستقبل کے لیڈرہو اورمیں اتنا ضرور جانتا ہوں کہ آپ کے ایکشن ، فیصلوں اور آئیڈیاز سے ہم اپنے سماج کو بدل سکتے ہیں۔آپ معاشرے کے باوقار شہری ہو۔آپ کو اپنے لوگوں کی خدمت کرنی ہے۔اگر ہمارا پڑھا لکھا طبقہ آئے گا تو ملک ترقی کرے گا۔آپ اپنے بلند جذبوں سے ہر مشکل پر قابو پا سکتے ہو۔پاکستان میں مختلف تہذبت سے وابستہ اقوام آباد ہیں لیکن سب کا جذبہ وطن عزیز کے لیے یکساں ہے۔

جسٹس باقر نے کہا کہ یہ صرف ایک ملک نہیں ہے بلکہ جذبات، میراث اور ذمہ داری کا نام ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ آپ تعلیمی میدان میں انقلاب برپا کرسکتے ہو۔امید ہے کہ آپ پاکستان کو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا کرو گے۔جیسا کہ نیلسن منڈیلا نے کہا تھا کہ تعلیم وہ طاقتورہتھیار ہے جس سے دنیا کو بدلا جاسکتاہے۔نگراں وزیراعلی سندھ نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایمان،اتحاد ،نظم و ضبط اور مستقل کوششوں سے ایسا کوئی کام دنیا میں نہیں جسے پایہ تکمیل تک نہ پہنچایا جاسکے ۔

انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ایک ذمہ دار شہری کی طرح آپ بھی ملک کی خوشحالی میں اپنا مثبت کردار ادا کرو گے۔تعلیم آگے بڑھنے کا یقینی ذریعہ ہے۔آئیں پاکستان کو امن کا گہوراہ بنائیں ۔انسانی سماج و رویہ کو اگر کوئی تبدیل کرسکتا ہے تووہ صرف تعلیم ہی ہے۔طلبا سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ آئی بی اے سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ مستقبل میں ہماری قوم کے رہنما ہیں۔

آپ کے کام ، کردار، فیصلے اور نظریات ہماری قوم کے طرز عمل کو متاثر کریں گے۔انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ پاکستان کے مستقبل کی کنجی آپ کے پاس ہے۔نگراں وزیراعلی سندھ نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ آپ صرف اپنے انتخاب شدہ شعبے میں کام کرنے والے نہ بنیں بلکہ اسے لیڈ کرنے والے بنیں ۔لیڈر شپ کا مطلب صرف ایک ٹائٹل نہیں بلکہ یہ ایک بڑی ذمہ داری ہے ۔

آپ کو مستقل جدوجہد کرنی ہے تاکہ آپ خوب سے خوب تر ہوجائیں او ر اپنی کامیاب اور ناکام ہونے کی وجہ جان سکیں۔مجھے یقین ہے کہ آپ اپنی قابلیت سے دنیا کو متاثر کریں گے ۔آپ نہ صرف اپنے بلکہ اپنے ملک اور عوام کی بھلائی کے لیے بھی پورے جذبے سے کام کرو گے۔جسٹس باقر نے کہا کہ پاکستان مختلف ثقافتوں، زبانوں اور روایات کا حامل ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ میں یہ صلاحیت موجود ہے کہ آپ کسی بھی چیلنج کا سامنا کرسکتے ہو۔

آئی بی اے سے تعلق کی بنیاد پر آپ میں ہر وہ صلاحیت ہونی چاہیے جس سے اس ملک کو بہتر سے بہتر کیا جاسکے۔انہوں نے کہاں کہ اب آپ اپنی زندگی کے اہم شاہراہ پر ہیں ، میں آپ کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتا ہوں کہ آپ اپنے عمل سے ایک بلند مقام حاصل کریں۔آپ کے اندر لیڈر شپ کی تمام صلاحیت موجود ہیں اس لیے اپنے ہر عمل کو سیکھنے کا ذریعہ بنائیں۔ انہوں نے 2023 کے کامیاب طلبہ کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ ان کی جگمگاہٹ سے پورا پاکستان منور ہوگا۔ایگزیکٹو ڈائریکٹر IBA ڈاکٹر اکبر زیدی نے نگراں وزیر اعلی سندھ کو سووینئر پیش کیا۔