فریال تالپور کی جانب سے پوری قوم کو سندھی ثقافت دن کے موقع پر مبارکباد

اتوار 3 دسمبر 2023 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی مرکزی صدر فریال تالپور نے سندھ سمیت پورے ملک کے عوام کو سندھی ثقافت کے دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔ فریال تالپور نے اتوار کو اپنے تہینتی پیغام میں کہا کہ وادی سندھ کی ثقافت پانچ ہزار سال پرانی تہذیب کی عکاس ہے اور دنیا کی قدیم ترین اور عظیم تہذیبوں میں سے ایک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھی ٹوپی، اجرک اور سندھی زبانیں ایک الگ پہچان رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان بے مثال ثقافتی ورثے کی سرزمین ہے، پاکستان میں ثقافتوں کے اس عظیم ورثے کے تحفظ اور اسے اجاگر کرنے کے لیے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا کو پاکستان کی تمام خوبصورت ثقافتوں کو اجاگر کرنے میں قائدانہ کردار ادا کرنا چاہیے۔