دبئی نے آبی ماحولیات کے تحفظ اور آبی ایکوسسٹم کی پائیداری کیلئے دبئی ریف پراجیکٹ کا اعلان کردیا

پیر 4 دسمبر 2023 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) دبئی نے آبی ماحولیات کے تحفظ اور آبی ایکوسسٹم کی پائیداری کیلئے سمندری ساحل کی ترقی کے سب سے بڑے منصوبہ دبئی ریف پراجیکٹ کا اعلان کیا ہے۔دبئی ریف پراجیکٹ کو اقوام متحدہ کی موسمیاتی تبدیلی سے متعلق کوپ28کانفرنس کے دوران پیش کیا گیا جو دبئی کی وسیع تر پائیدار تحریک’’ دبئی کرسکتا ہے ‘‘ کا حصہ ہے جسے فروری2022میں لانچ کیا گیا۔

’’دبئی کرسکتا ہے‘‘ کا مقصد سمندروں کے تحفظ اور ایک دفعہ استعمال کرنے والے پلاسٹک میںکمی لانا ہے۔دبئی ریف پروجیکٹ ایک عظیم کوشش ہے جو منصوبہ فشنگ سٹاک میں اضافہ، پائیدار ماہی گیری کومعاونت فراہم کرنا اور فوڈ سیکورٹی کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

دبئی ریف پراجیکٹ کاربن کے اخراج میں کمی اور سمندری حیاتیاتی تنوع میں اضافہ میں اہم کردارادا کرے گا۔

یہ کورل ریف بحالی ، ساحلی تحفظ اور دبئی کے ساحل کے ساتھ سمندری حیاتیاتی تنوع کی بحالی میں فعال کردار ادا کرے گا ۔یہ منصوبہ چار مراحل پر مشتمل ہے جو 2024کی پہلی سہ ماہی میں شروع ہوگا اور منصوبہ کو چار سال کی مدت میں مکمل کرنے کا ہدف ہے۔یہ منصوبہ کوپ 28کے پائیدار اہداف اور حکمت عملیوں کے مطابق ہے جو ماحولیاتی ذمہ داری اور جدت کیلئے دبئی کی عالمی لیڈر کے طورپر پوزیشن کو مزید تقویت دے گا۔

دبئی کے ولی عہد اور دبئی کی ایگزیکٹو کونسل کے چیرمین شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم کی ہدایات کے مطابق دبئی ریف پروجیکٹ دبئی ڈیپارٹمنٹ آف اکانومی اینڈ ٹورزم (ڈی ای ٹی) اور بانی شراکت دار ، دبئی میں ماہی گیری سے متعلق ریگولیٹری کمیٹی دبئی چیمبرز ، بندرگاہوں ، کسٹم اور فری زون کارپوریشن (پی سی ایف سی) اور نکھیل کے تعاون سے چلائے گی۔

شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے منصوبہ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیات کا تحفظ ، جنگلی حیات کی حفاظت اور حیاتیاتی تنوع کو فروغ دینا متحدہ عرب امارات کے لئے بنیادی ترجیحات ہیں ، جو 2050 تک موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کیلئے اسٹریٹجک اقدام سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دبئی ماحول کی اہمیت کو سمجھتا ہے اور ماحول کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے۔عالمی موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے درپیش چیلنجوں نے جنگلی حیات کی مختلف شکلوں پر اہم دباؤ ڈالا ہے اور دبئی ان اقدامات کے ذریعے ان اثرات کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے پرعزم ہے جو ہمارے قدرتی ماحول بالخصوص کورل ریف کی پائیداری کو فروغ دیتے ہیں کیونکہ کورل ریف آبی حیات کے تحفظ کیلئے اہم جزو ہے ۔