ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد سے کوئی رورعایت نہ برتی جائے،آئی جی سندھ

پیر 4 دسمبر 2023 23:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 دسمبر2023ء) آئی جی سندھ رفعت مختار راجہ کی ذیر صدارت اعلی سطحی آن لائن/ویڈیو لنک اجلاس میں 05 ایجنڈاز کو زیر بحث لاتے ہوئے صوبائی سطح پر امن وامان کی صورتحال اور مختلف نوعیت کے جرائم کے خلاف پولیس ایکشن و اقدامات کا ذریعہ بریفنگ جائزہ لیا گیا اور مذید ضروری ہدایات دی گئیں۔اجلاس ایجنڈا میں شامل (SVAS) اسمارٹ ویری فیکیشن الرٹ سسٹم, تھانوں کا اچانک معائنہ,ہوائی فائرنگ کے واقعات اور پولیس ایکشن, پولیس پکٹنگ اور حالات پر مجموعی کنٹرول اور منظم جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ ایکشن جیسے اقدامات کی تفصیلات کا احاطہ کیا گیا۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ اسمگلنگ اور غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام کے ضمن میں سندھ میں دیگر صوبوں سے داخل ہونیوالے روٹس کے داخلی اور خارجی پوائنٹس پر (SVAS) اسمارٹ ویری فیکیشن الرٹ سسٹم کو قابل عمل بنانیکے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات کیئے جائیں جسکا مقصد اسنیپ چیکنگ کو ہر لحاظ سے مربوط اور موثر بنانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ضلعی ایس ایس پیز کو احکامات دیئے کہ تھانہ جات کے اچانک معائنے اور اس حوالے سے باقاعدہ رپورٹ کی ترتیب کے لیئے متعلقہ ایس ڈی پی اوز/ڈی ایس پیز کو پابند بنایا جائے اور ان سے فالواپ رپورٹس بھی لی جائیں۔

آئی جی سندھ نے کہا کہ شادی بیاہ و دیگر تقاریب سعید کے مواقعوں پر ہوائی فائرنگ جیسے واقعات کی روک تھام کے لیئے اضلاع و تھانہ جات کی سطح پر قرار واقعی اقدامات کیئے جائیں اور اس ضمن میں معززین علاقہ اور معروف شخصیات کو اعتماد میں لیکر انسداد ہوائی فائرنگ کے حوالے سے مہم کا آغاز کیا جائے۔مساجدمیں اعلانات کے ساتھ ساتھ تشہیربھی کی جائے۔

انہوں نے اجلاس میں شریک اعلی پولیس افسران سے کہا کہ جرائم کی روک تھام اور جرائم میں ملوث عناصر,گروہوں اور انکے کارندوں پر قانون کی گرفت یقینی بنانیکے لیئے پولیس پکٹنگ,ریکی اور کڑی نگرانی جیسے اقدامات کو مذید منظم اور مربوط بنایا جائے۔انہوں سختی سے ہدایات دیں کہ منظم جرائم میں ملوث پولیس اہلکاروں کو کسی بھی طور معاف نہ کیا جائے بلکہ ٹھوس شواہد اور علاقہ سروے کے دوران سامنے آنیوالے ثبوتوں کی روشنی میں انکے خلاف سخت محکمانہ اور قانونی کاروائیوں کو یقینی بنایا جائے۔اجلاس میں تمام ڈی آئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز نے شرکت کی۔