یوکرین کے لئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری نہ دینے کی صورت میں روسی صدر جنگ جیت سکتے ہیں،امریکہ

منگل 5 دسمبر 2023 11:30

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) وائٹ ہائوس نے خبردار کیا ہے یوکرین کے لئے امریکی امداد رواں سال کے آخر تک ختم ہو جائے گی اور اگر کانگریس نے نئے فنڈز کی فراہمی کی منظوری نہ دی تو روسی صدر ولادیمیر پیوٹن جنگ جیت سکتے ہیں ۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر جو بائیڈن کی بجٹ ڈائریکٹر شالینڈا ینگ نے ریپبلکن ہاؤس کے سپیکر مائیک جانسن کے نام ایک خط میں واضح طور پر کہا ہے کہ اگریوکرین کے لئے فوجی امداد بند ہو جاتی ہے تو روس کے خلاف یوکرین کی مزاحمت کو شدید نقصان پہنچے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارے پاس فنڈز نہیں ہیں اورتقریباً وقت ختم ہو گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ واضح طور پر کہنا چاہتی ہیں کہ کانگریس کی طرف سے نئی فنڈنگ کی منظوری کے بغیر،رواں سال کے آخر تک ہمارے پاس یوکرین کے لیے مزید ہتھیاروں اور ساز وسامان کی خریداری کے لئے وسائل ختم ہو جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکی ہتھیاروں اور ساز و سامان کی فراہمی کے بہاؤ کو منقطع کرنے سے یوکرین کی مزاحمت کو شدید نقصان پہنچے گا، جو نہ صرف یوکرین کے حاصل کردہ فوائد کو خطرے میں ڈال دے گا بلکہ روسی فوجی فتوحات کے امکانات کو بھی بڑھا دے گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اکتوبر میں کانگریس سے 106 بلین ڈالر کا ایک بڑا قومی سلامتی پیکج طلب کیا تھا جس میں یوکرین کے لئے فوجی امداد اور حماس کے خلاف اسرائیل کی جنگ شامل تھی لیکن فنڈنگ کیپیٹل ہل پر تقسیم ہو کر رہ گئی ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا کہ کانگریس کو یہ فیصلہ کرنا ہے کہ آیا کیا وہ یوکرین کی حمایت جاری رکھے گی یا کانگریس تاریخ سے حاصل کئے گئے سبق کو نظر انداز کر دی گی اور کیا ہم روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو غالب رہنے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک آسان اور بہت ہی سخت انتخاب ہے۔