کشمیر والا ویب نیوز پورٹل کے ایڈیٹر فہد شاہ کی غیر قانونی نظربندی مقبوضہ جموں و کشمیرمیں آزاد میڈیا پر قدغن کی واضح مثال ہے ، برطانوی روزنامہ دی گارڈین

منگل 5 دسمبر 2023 14:22

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) برطانوی روزنامے دی گارڈین نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں حال ہی میں غیر قانونی نظربند ی سے رہا ہونے والے معروف صحافی اور ویب نیوز پورٹل کشمیر والا کے ایڈیٹر فہد شاہ کے بارے میں ایک تفصیلی خبر شائع کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اخبار میں شائع ہونے والی خبر میں بتایا گیا ہے کہ کس طرح مقبوضہ جموں و کشمیرمیں نریندر مودی اوران کی پالیسیوں کے ناقدین کو خاموش کرانے کے لیے انسداد دہشت گردی کے نام نہاد قانون کا استعمال کیا جا رہا ہے۔

سرینگر سے دی گارڈین کے نمائندے آکاش حسین نے اخبارکےلئے خدمات سرانجام دینے والے فہد شاہ کا ان کی رہائش گاہ پر انٹرویو کیا۔ فہدشاہ کے خلاف قابض انتظامیہ کی انتقامی کارروائی مقبوضہ کشمیرمیں غیر جانبدار میڈیااورصحافیوں کو ہراساں کرنے کی ایک واضح مثال ہے۔

(جاری ہے)

اخبار کے مطابق جیل کی سلاخوں کے پیچھے 600 سے زائد دنوں تک قید رہنے کے بعد کشمیری صحافی فہد شاہ نے اپنی رہائی کی امید کھونا شروع کر دی تھی۔

گزشتہ سال فروری میں کشمیر والا کے ایڈیٹر فہد شاہ کو"دہشت گردی کو بڑھاوا دینے" اور "ملک مخالف مواد" شائع کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔کشمیر والا مقبوضہ کشمیر کی ایک آزاد نیوز ویب پورٹل ہے ۔ ان کے خلاف درج مقدمے میں ضمانت کے فوری بعد انہیں دوبارہ کسی اور جھوٹےالزام میں گرفتار کرلیاجاتا تھا اور ان کی نظربندی کا سلسلہ 21ماہ تک جاری رہایہاں تک کہ جب ان کے خلاف الزامات کو بتدریج ختم کرتے ہوئے ان کے خلاف درج چار میں سے تین مقدمات میں ضمانت دے دی گئی ،انہیں 23نومبر کوعدالت نے ضمانت رہاکیا جس کے بعد ان کی جموں کی کوٹ بھلوال جیل سے رہائی عمل میں آئی ۔

اپنے گھر پر انٹرویوکے دوران فہد شاہ ذہنی اور جسمانی طورپرکمزور اور علیل نظرآئے اور اپنی نظربندی کے بارے میں انہوں نے بات کرتے ہوئے کہاکہ وہ اپنے خلاف مقدمات پر آزادانہ طور پر بات کرنے کے قابل نہیں ۔انہوں نے کہا کہ جیل آپ کو اندرہی اند ر آہستہ آہستہ ختم کردیتی ہے۔ نظربندی کے دوران فہد شاہ کو مختلف جیلوں میں قید رکھا گیا اور مہینوں تک پوچھ گچھ کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہاکہ جیل میں نظربندی کے دوران آپ اندر سے ٹوٹ جاتے ہیں ۔ ان کا کہنا تھا کہ نظربندی کے دوران انہیں ایک موقع پر6 فٹ بائی 6 فٹ کے سیل میں 20دن تک قید تنہائی میں رکھا گیاجس کے باعث وہ علیل ہو گئے ، اس وقت وہ انتہائی برے وقت سے گزر رہے تھے ۔فہد شاہ کی گرفتاری سے قبل کشمیر والا مقبوضہ کشمیر کے ان چند نیوز پلیٹ فارمز میں سے ایک تھا جو مقبوضہ علاقے میں آزاد میڈیا پر جاری قدغن کے دوران بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں بارے تنقیدی خبریں اور تحقیقاتی رپورٹس شائع کرتاتھا ۔ واضح رہے کہ اگست 2019میں مودی حکومت نے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد مقبوضہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس سمیت مواصلاتی بلیک آئوٹ کرکے میڈیاپر قدغنیں عائد کر دی تھیں۔