لاہورہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی نظربندی کیخلاف درخواست پر سماعت ملتوی کردی

منگل 5 دسمبر 2023 21:24

لاہورہائیکورٹ نے خدیجہ شاہ کی نظربندی کیخلاف درخواست پر  سماعت ملتوی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 دسمبر2023ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کی نظر بندی کیخلاف درخواست پر نگران کابینہ پنجاب سے نظر بندی برقرار رکھنے کی وجوہات طلب کرتے ہوئے سماعت کل بدھ تک ملتوی کردی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے خدیجہ شاہ کے شوہر جہاں زیب امین کی درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ 15 نومبر کو ڈپٹی کمشنر لاہور نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، خدیجہ شاہ کی نظر بندی بدنیتی پر مبنی ہے، خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا ڈی سی لاہور کا آرڈر غیر قانونی قرار دیا جائے، عدالت خدیجہ شاہ کی فوری رہائی کا حکم دے۔

سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ پنجاب کی نگران کابینہ میں خدیجہ شاہ کی نظر بندی کا معاملہ زیر بحث آیا ہے، کابینہ نے خدیجہ شاہ کی نظر بندی برقرار رکھی ہے، کابینہ کے فیصلے پر آٹھ ممبران کے دستخط ہونے ہیں، فیصلے کی کاپی اتنی جلدی نہیں ملے گی، عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کابینہ کے فیصلے کی کاپی درخواست گزار کو فراہم کی جائے۔