خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں پراعتماد بنانا مشن، آگاہی وقت کی شدید ترین ضرورت ہے، خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی

بدھ 6 دسمبر 2023 20:32

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) خاتون محتسب پنجاب نبیلہ حاکم علی نے کہا ہے کہ خواتین کے حقوق کا تحفظ اور انہیں پراعتماد بنانا مشن ہے جس کے لئے آگاہی وقت کی شدید ترین ضرورت ہے۔انہوں نے یہ بات گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹائون میں خواتین کے حقوق کے تحفظ،انہیں جنسی ہراسگی سے بچانے اور وراثت میں حصہ دار بنانے کے حوالے سے سولہ روزہ آگاہی تقریبات کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ریجنل پولیس آفیسر ڈاکٹر محمد عابد خان،قائمقام سی پی او/ایس ایس پی آپریشنز ڈاکٹر رضوان،کنٹرولر ڈاکٹر رضوانہ تنویر،رجسٹرار آصف ملک،فوکل پرسن/ڈائریکٹر سٹوڈنٹ آفیئرز اسماء عزیز،انچارج تحفظ مرکز ضلعی پولیس میڈم گلناز کے علاوہ اساتذہ اور طالبات بڑی تعداد میں موجود تھیں۔

(جاری ہے)

خاتون محتسب پنجاب نے کہا کہ ہراسمنٹ فری معاشرہ کے قیام کے لئے اقدامات جاری ہیں جبکہ شکایات پر ایکشن بھی لیا گیا ہے تاہم معاشرہ کی اجتماعی سوچ تبدیل کرنا ناگزیر ہے تاکہ کوئی عورت کے حقوق کا تحفظ یقینی ہو۔

انہوں نے طالبات سے کہا کہ وہ پراعتمادی کے ساتھ آگے بڑھیں اور معاشرے کو اپنے حقوق سے باور کرائیں ۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو وراثتی حق سے کسی صورت محروم نہیں رکھا جاسکتا۔ ملازمت پیشہ خواتین کو بہترین ماحول فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے تاکہ وہ احسن اور پروقار انداز میں اپنا کام کر سکیں اور انہیں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ہر ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر محتسب کا دفتر کام کررہا ہے خواتین ہراسگی کی شکایت درج کراسکتی ہیں۔انہوں نے سیمینار کے انعقاد میں معاونت پر جی سی وومن یونیورسٹی انتظامیہ کا شکریہ اداکیا اور طالبات کی طرف سے بعض سوالوں کے جواب بھی دیئے۔آرپی او نے کہا کہ تھانوں میں فرنٹ ڈیسک قائم ہیں خواتین 1787 پر بھی شکایت درج کراسکتی ہیں جبکہ تحفظ مرکز میں خاتون انچارج فرائض انجام دے رہی ہیں۔سیمینار سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔قبل ازیں آگاہی واک بھی منعقد ہوئی۔