تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر فیصل آباد مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کا احتجاج و دھرنا ، شہرکا کوڑا کرکٹ اٹھانے سے انکارکردیا

بدھ 6 دسمبر 2023 20:43

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 دسمبر2023ء) تین ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر فیصل آباد مینجمنٹ کمپنی کے ملازمین کا احتجاج‘ دفتر کے باہر دھرنا دیتے ہوئے افسران کے خلاف نعرے بازی‘ شہر کا کوڑا کرکٹ اٹھانے سے انکار کر دیا۔ آن لائن کے مطابق فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے خاکروبوں اور عملہ صفائی کو گزشتہ تین ماہ سے تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہو سکی، جس پر ملازمین سراپا احتجاج بن گئے اور دفتر کے باہر دھرنا دیتے ہوئے زبردست نعرے بازی کی۔

(جاری ہے)

احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ تنخواہیں نہ ملنے کی وجہ سے گھروں کے چولہے ٹھنڈے ہو چکے ہیں۔ دکانداروں نے ادھار دینا بھی بند کر دیا ہے۔ تین ماہ سے بچوں کی فیس بھی ادا نہ کر سکے ہیں۔ گھروں میں نوبت فاقوں تک پہنچ چکی ہے۔ جبکہ ایف ڈبلیو ایم سی کے افسران روزانہ تنخواہوں کی ادائیگیوں کا کہہ کر گھروں کو بھیج دیتے ہیں اور اب چوتھے ماہ کو بھی چھ روز گزر چکے ہیں۔ اگر تنخواہیں نہ ملیں تو شہر میں کوڑا کرکٹ اٹھانا اور صفائی کا کام بند کر دیا جائیگا۔ احتجاجی مظاہرین کا مطالبہ تھا کہ فوری طور پر تنخواہوں کی ادائیگی کی جائے۔