190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طلبی کے باوجود غیر ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع ، سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی

بدھ 6 دسمبر 2023 23:32

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) احتساب عدالت کے جج محمد بشیر کی عدالت نے 190ملین پاؤنڈ ریفرنس میں طلبی کے باوجود غیر ملزمان کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کرتے ہوئے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کردی۔بدھ کے روز اڈیالہ جیل میں سماعت کے دوران سابق چیئرمین پی ٹی آئی کو عدالت پیش کیاگیا۔

عدالت نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں حاضری لگائی۔ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی اور تفتیشی افسران عدالت پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی آئی کی بہنیں بھی کمرہ عدالت موجود تھیں۔عدالت نے طلبی کے باوجود غیر حاضرملزمان مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفیٰ نسیم، فرحت شہزادی اور زلفی بخاری کے خلاف اشتہاری کی کارروائی شروع کردی۔

مذکوہ ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پہلے سے جاری ہیں۔دوران سماعت عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس اور توشہ خانہ کیس میں بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانت میں13 دسمبر تک توسیع کردی جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کی 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری اور توشہ خانہ کیس میں درخوست ضمانت پر سماعت13 دسمبر تک ملتوی کردی۔