رینجرز امن سائیکل ریس لیاری کے حاجی رئیس بلوچ نے جیت لی

سنگر چورنگی کورنگی سے شروع ہونے والی ریس 75کلومیٹر فاصلہ طے کرکے ہاکس بے پر ختم ہوئی

بدھ 6 دسمبر 2023 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2023ء) پاکستان رینجرز سندھ عبداللہ شاہ غازی سیکٹر کراچی کے زیر اہتمام اور سندھ اولمپکس ایسو سی ایشن اور سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے تعاون سے ہونے والی انتہائی ہائی پروفائل 75کلومیٹر طویل امن سائیکل ریس لیاری کے حاجی رئیس بلوچ نے 1گھنٹہ 55منٹس 30سیکنڈمیں جیت لی ہے۔ دوسری پوزیشن لیاری ہی کے شعیب بلوچ نے ، تیسری پوزیشن ذوہیب بلوچ جبکہ چوتھی پوزیشن بلال بلوچ نے حاصل کی کلیم اعوان کی چیف آرگنائزنگ شپ میں ہونے والی یہ سائیکل ریس انتہائی سخت سیکورٹی کے ساتھ سنگر چورنگی کورنگی سے شروع ہوئی اور کورنگی انڈسٹریل ایریا، قیوم آباد، سی ویو بائی پاس روڈ، کلاک ٹاور، سی ویو، ڈالمن مال ، بلاول ہاؤس، بوٹ بیسن، مائی کلاچی بائی پاس، ایم ٹی خان روڈ، نیٹی جیٹی بریج، آئی سی آئی چورنگی، لیاری،گلبائی، پی اے ایف بیس مسرور، ٹرک اسٹینڈ، ماڑی پوراور مشرف کالونی سے ہوتی ہوئی مچھلی چوک ہاؤس پر پہنچ کر ختم ہوئی۔

(جاری ہے)

سائیکلسٹوں کی حفاظت کیلئے تمام راستوں کو پاکستان رینجرز ، سندھ پولیس، کراچی ٹریفک پولیس اور دیگر حساس اداروں نے اپنے حصار میں لے رکھا تھا سائیکل ریس کا افتتاح سیکٹر کمانڈر عبداللہ شاہ غازی رینجرز بریگیڈیر عاصم اشرف نے فلیگ لہراکر کیااور آخر میں ریس کے اختتام پر پوزیشن حاصل کرنے والے ابتدائی چار سائیکلسٹوں کو بڑے نقد انعاما ت اور باقی تمام دیگر سائیکلسٹوں میں بھی ہزارو روپے کے نقد انعامات و اسناد تقسیم کی گئیں۔ بریگیڈیر عاصم اشرف نے کلیم اعوان کی سائیکلنگ سے انتہائی جنونی محبت اور پاکستان اور افواج پاکستان کیلئے اپنی خدمات رضا کارانہ طور پر پیش کرنے پر شاندار خراج تحسین بھی پیش کیا۔