صارفین کو بھیجے گئے غلط بلوں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا، چیئرمین نیپرا

بدھ 6 دسمبر 2023 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 دسمبر2023ء) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں سینٹرل پاور جنریشن کمپنی بلاک II کے ٹیرف کے حوالے سے چیئرمین نیپرا وسیم مختار کی سربراہی میں سماعت ہوئی جس میں صارفین سے اوور بلنگ کے معاملے پر بھی بات ہوئی۔ بدھ کو ہونے والی سماعت کے دوران چیئرمین نیپرا نے کہا کہ صارفین کو بھیجے گئے غلط بلوں کی واپسی کو یقینی بنایا جائے گا اور اتھارٹی غلط بھیجے گئے بلوں کے معاملے کو غور سے دیکھے گی۔

انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ خراب میٹر کی تبدیلی ممکن ہے اور میٹر کو ایک دن کے اندر تبدیل کیا جاسکتا ہے، چیئرمین نے مزید کہا کہ دو تقسیم کار کمپنیوں کو خط لکھے گئے ہیں مزید کو بھی لکھے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیپرا وسیم مختار نے کہا کہ اتھارٹی تقسیم کار کمپنیوں کے خلاف قانونی کارروائی کرے گی اور تحقیقاتی رپورٹ کے بعد ایک عوامی سماعت ہو گی اور اس کے بعد فیصلہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ڈسکوز میں میٹر کی دستیابی بہت بڑا ایشو ہے اور ڈسکوز کے بلنگ کا طریقہ کار درست نہیں جس کے لئے ٹیکنالوجی ضروری ہو گئی ہے۔ چیئرمین نے کہا کہ بجلی صارفین کے سارے مسائل کا حل ڈسکوز کی نجکاری ہے کیوں کہ رپورٹ میں ڈسکوز کے بہت سے مسائل سامنے آئے ہیں ۔اتھارٹی نے ریڈنگ کے دوران بل پر میٹر کی تصویر کی شرط رکھی جبکہ ڈسکوز نے تصاویر کے معاملے پر بھی مسائل کھڑے کئے ہیں ۔