پیپلز پارٹی انتخابات کے لئے پر امید ،مخالفین کو سرپرائز دے گی ‘رانا جمیل منج

پاکستان کے عوام کے تمام مسائل کا حل ذوالفقار بھٹو اور شہید بی بی کے دیئے منشور میں ہے

جمعرات 7 دسمبر 2023 12:20

رائے ونڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2023ء) پیپلز پارٹی لاہور کے جنرل سیکرٹری رانا جمیل منج نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی 8فروری کو انتخابات کے لئے پر امید ہے اور مخالفین کو سرپرائز دے گی ،قائد عوام اور شہید بی بی نے جو پیپلز پارٹی کو منشور دیا پاکستان کے عوام کے تمام مسائل کا حل اسی منشور میں ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان ہم سب کا ہے کسی ایک جماعت کا نہیں،غیر زمہ دارانہ بیان کسی صورت نہیں آنا چاہیے، لڑائی جھگڑے اور انتشار کی باتیں دوسری جماعتیں کر رہی ہیں، جوڑنے کی بات صرف پیپلز پارٹی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان میں اس وقت اتحاد کی ضرورت ہے، اتحاد کے بغیر یہ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔رانا جمیل منج نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ غریب اور پسماندہ طبقے کا خیال رکھا اور عام آدمی تک سہولیات پہنچائی ہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر جانبدارانہ الیکشن میں عوام کی طاقت سے منتخب حکومت ہی عوام کے مسائل حل کر سکتی ہے ۔تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلئینگ فیلڈ دینا ہو گی۔ہمیں مستقبل کے متعلق تیاری کرنی ہے اور لوگوں کو روزگار دینا ہے۔ہم تعصب اور تقسیم کی سیاست نہیں کریں گے، لوگوں کے مسائل حل کرنے اور دلوں کو جوڑنے کی سیاست کریں گے