نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالیں گے،مسلم لیگ (ن ) عام انتخابات کیلئے تیار ہے، رانا ثنا اللہ

جمعرات 7 دسمبر 2023 17:48

نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالیں گے،مسلم لیگ (ن ) عام انتخابات ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ (ن ) پنجاب کے صدر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالیں گے،مسلم لیگ (ن ) عام انتخابات کیلئے تیار ہے،پارٹی میں شامل ہونے والے نئے لوگوں کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

اس موقع پر این اے 110 سے آصف معاویہ ، این اے 189 سے سردار خان ریاض مزاری، پی پی 125سے نیلم سیال، پی پی 126سے مہر اسلم بھروانہ، پی پی 127سے شیخ محمد یونس،پی پی 128سے خالد محمود سرگانہ ، پی پی 129سے خالد غنی، پی پی 130 سے امیر عباس سیال،پی پی 131 سے فیصل حیات جبوانہ ،پی پی 297 سے دوست محمد مزاری اور شیخ یعقوب نے مسلم لیگ (ن ) میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونے والے تمام افراد کا احترام کرتے ہیں،ان تمام افراد نے غیر مشروط طور پر مسلم لیگ (ن) میں شمولیت اختیار کر کے محمد نواز شریف اور شہباز شریف پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ملک کے معاشی مسائل کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے پہلے بھی ملک کو بحرانوں سے نکالا اور اب بھی محمد نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ( ن) پاکستان کو مشکلات سے نکالے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہونا ایک جوانمردی اور قابل ستائش عمل ہے لیکن آپ ہر کسی سے ایک جیسے رویے کی توقع نہیں رکھ سکتے،ہمیں ملک میں ایسے حالات پیدا نہیں کرنے چاہئیں کہ جس سے لوگوں کی مشکلات میں اضافہ ہو،جمہوریت آزادی اظہار رائے کا نام ہے اور ایک ایسا عمل ہے کہ جس پر چل کر ملک کو ترقی کی راہوں پر گامزن کیا جا سکتا ہے ۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ21 اکتوبر کو محمد نواز شریف نے عوام سے وعدہ کیا کہ وہ ملک کو دوبارہ اپنے پائوں پر کھڑا کریں گے اور ترقی کا سفر وہیں سے شروع کریں گے جہاں سے چھوڑ کر گئے تھے، مسلم لیگ (ن) کے پاس ایک با صلاحیت ٹیم موجود ہے جو ملک کو مسائل سے نجات دلا سکتی ہے ،پاکستان کلمہ کی بنیاد پر وجود میں آیا اور تا قیامت قائم و دائم رہے گا۔

الیکشن کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میرٹ کی بنیاد پر ہی امیدواروں کو الیکشن کے میدان میں اتاریں گے،مسلم لیگ (ن) الیکشن کیلئے پوری طرح تیار ہے اور اس میں کوئی شکوک و شبہات نہیں،نواز شریف روزانہ کی بنیاد پر مختلف اضلاع کے امید واروں کے ٹکٹ کے بارے میں انٹرویوز کر رہے ہیں،آج ضلع جھنگ کے امیدواروں کے انٹرویوز کا مرحلہ مکمل کیا ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گوہر خان جو اب پی ٹی آ ئی کے چیئرمین ہیں انہیں چاہیے کہ وہ اپنی پارٹی کو الیکشن کی طرف لے کر جائیں، ہم کبھی بھی نہیں چاہتے کہ کسی پارٹی پر پابندی لگے۔اس موقع پر دوست محمد مزاری نے کہا کہ میں محمد نواز شریف ،شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور مریم نواز کی قیاد ت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں ،مسلم لیگ (ن)ہی پاکستان کو بحرانوں سے نکال سکتی ہے ۔