سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کا پنجاب آرٹس کونسل کا دورہ

جمعہ 8 دسمبر 2023 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 دسمبر2023ء) سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب دانیال سلیم گیلانی نے چارج سنبھالتے ہی پنجاب آرٹس کونسل کا دورہ کیا ۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹرسید بلال حیدر نے انہیں پنجاب آرٹس کونسل کے مینڈیٹ اور سرگرمیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت نے پنجاب آرٹس کونسل کے زیر اہتمام تمام اضلاع میں جاری آرٹ کلاسز کے انعقاد کو معاشرے میں امن وبرداشت کے لئے انتہائی اہم اور تاریخی اقدام قرار دیا۔

سید بلال حیدر نے سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو صوبے میں ناپیدہوتے آرٹ کو بچانے کے لئے پنجاب آرٹس کونس کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔ سیکرٹری اطلاعات و ثقافت کو ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے پچھلے چار ماہ سے پنجاب میں فن و ثقافت اور فنون لطیفہ کے فروغ کے لئے اٹھائے گئے اپنی نوعیت کے غیر معمولی اقدامات جن میں آرٹس کونسلز کا تمام اضلاع میں قیام، مری سینما کی بحالی اور کرافٹ میوزیم کا قیام، آرٹس کلاسز کا انعقاد، تمام آرٹس کونسلز میں بورڈ آف مینجمنٹ کی تشکیل سمیت کئی دوسرے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

سید بلال حیدر نے کمرشل تھیٹرز میں فحاشی و عریانی کو کنٹرول کرنے کے لئے پنجا ب آرٹس کونسل کے دائرہ کار اور اس میں پیش آنے والے مسائل کے بارے میں بھی ذکر کیا۔ دانیال سلیم گیلانی نے کہا کہ معاشرے میں شدت پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لئے آرٹ و کلچر جیسی صحت مند اور مثبت سر گرمیوں کا انعقاد ضروری امر ہے۔

متعلقہ عنوان :