ملک میں سلیکشن کا عمل روک کر الیکشن کا عمل شروع ہونا چاہئیے

نواز شریف نے 40 سال بعد بھی نامزد ادارے کے ذریعے اقتدار میں آنا ہے تو کیا فائدہ، دنیا میں مذاق ہی بننا ہے،فاصلے کم ہونے چاہئیے ۔فواد چوہدری کی عدالت پیشی کے بعد گفتگو

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 9 دسمبر 2023 13:56

ملک میں سلیکشن کا عمل روک کر الیکشن کا عمل شروع ہونا چاہئیے
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 دسمبر2023ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کو آج عدالت پیش کیا گیا،فواد چوہدری کو ہتھ کڑیاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا۔فواد چوہدری کو ایک روزہ جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب کے حوالے کر دیا گیا۔عدالت پیشی پر انہوں نے میڈیا سے مختصر غیر رسمی گفتگو بھی کی۔سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے قائد ن لیگ کے نام پیغام دیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے 40 سال بعد بھی نامزد ادارے کے ذریعے اقتدار میں آنا ہے تو کیا فائدہ۔دنیا میں مذاق ہی بننا ہے۔انہوں نے کہا کہ  ملک میں سلیکشن کا عمل روک کر الیکشن کا عمل شروع ہونا چاہئیے، فاصلے کم ہونے چاہئیے۔
خیال رہے کہ سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کے خلاف 29 نومبر کو اینٹی کرپشن راولپنڈی نے مقدمہ درج کیا تھا۔

(جاری ہے)

اینٹی کرپشن جہلم سرکل نے فواد چوہدوری کی کرپشن پر پہلے بھی انکوائری کی تھی۔ فواد چوہدری کے خلاف درج ہونے والے مقدمے کے مطابق سابق وفاقی وزیر نے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے لیے زمینوں کی خریداری میں بے شمار کرپشن کی ہے۔ جی ٹی روڈ دینہ کے مقام پر پرل گلوبل ہاوسنگ سوسائٹی میں کروڑوں روپے کی رشوت وصول کی۔ سابق وفاقی وزیر نے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے رشوت لے کر نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کو فائدہ پہنچایا۔

فواد چوہدری نے اپنے فرنٹ میں شیرباز کے ذریعے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے رقم وصول کی۔28 نومبر2023ء کو بتایا گیا تھا کہ لاہورنیب نے سابق وفاقی وزیرفواد چدہدری کیخلاف ایک اور انکوائری شروع کردی ہے۔ نیب ذرائع کے مطابق فواد چودھری کے خلاف اثاثہ جات بنانے کی شکایات موصول ہوئیں۔فواد چوہدری کیخلاف موصول شکایات کا جائزہ لیا جائیگا۔فواد چوہدری کیخلاف شکایت پر ڈی جی نیب نے ویری فکیشن مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔