جہانگیر ترین نے جڑانوالہ و کھڑیانوالہ میں ایک کروڑ کی لاگت سے دو جدید ترین کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کردیا

ہفتہ 9 دسمبر 2023 19:07

جہانگیر ترین نے جڑانوالہ و کھڑیانوالہ میں ایک کروڑ کی لاگت سے دو جدید ..
مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2023ء) سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین کی فیصل آباد آمد، جہانگیر ترین نے سانحہ جڑانوالہ کے بعد علاقے میں بہترین تعلیمی سہولیات کی فراہمی کا وعدہ پورا کردیا۔ جہانگیر ترین نے جڑانوالہ اور کھڑیانوالہ میں دو جدید ترین کمپیوٹر لیبز کا افتتاح کردیا۔ کمپیوٹر لیبز ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی جانب سے اپ گریڈ کی گئی ہیں جن کی اپ گریڈیشن پر ایک کروڑ روپے لاگت آئی ہے۔

اس موقع پر سینیر رہنما آئی پی پی اسحاق خاکوانی، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد عبداللہ نیر شیخ، اسسٹنٹ کمشنر جڑانوالہ عبد الحنان، سی ای او ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن اکبر خان و دیگر بھی موجود تھے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ اہلیان جڑانوالہ سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔

(جاری ہے)

معیاری اور جدید تعلیم ہی ترقی کا واحد راستہ ہے۔

تعلیم یافتہ افراد ملک کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔ تعیلمی ترقی کسی بھی ملک کی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔ طلبائو طالبات کو ترقی کی منازل طے کرنے کے لئے اپنی سوچ بڑی رکھنی ہوگی۔ انہیں یہ سوچ کر آگے بڑھنا ہوگا کہ ہم آسمان تک کیسے پہنچ سکتے ہیں۔ ہمیں اپنی سوچ بدلنے کی ضرورت ہے۔ ملک کے تعلیمی نظام میں بھی اصلاحات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ لودھراں میں ہم نے آئی ٹی کی جدید تعلیم کی فراہمی کے لئے ایک ادارہ ٹائسر بنایا ہے۔ لودھراں کے 80 فیصد سکولوں میں ہم نے جدید تعلیم کی فراہمی کے لئے کمپیوٹر اور سائنس لیبارٹریز بنائی ہیں۔ انشاء اللہ طلبا و طالبات کو ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہوں گا۔