بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن کی تصدیق ہے

الیکشن ہوں گے اور جمعرات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔ انتخابی شیڈول الیکشن کمیشن دے گا، 16 دسمبر سے پہلے انتخابی شیڈول آجائے گا، نگران وزیر اطلاعات کی گفتگو

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 10 دسمبر 2023 21:33

بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 دسمبر2023ء) نگران وزیر اطلاعات مرتضی سولنگی نے کہا ہے کہ بلاول اور مریم کی باتوں کا جواب دینا نہیں چاہتا، بیان بازی کی شدت الیکشن کی تصدیق ہے۔ انہوں نے نجی ٹی وی چینل آج نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن ہوں گے اور جمعرات 8 فروری 2024 کو ہوں گے۔ انتخابی شیڈول الیکشن کمیشن دے گا، 16 دسمبر سے پہلے انتخابی شیڈول آجائے گا۔

مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کیس 4 دہائیوں کے بعد سماعت کیلئے مقرر ہوا، بظاہر کیس میں بہت زیادہ بےضابطگیاں نظر آتی ہیں، امید ہےعدالت جن کو بلائے گی وہ سب سچ بولیں گے۔ ملک میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کے انخلاء سے متعلق انھوں نے کہا کہ غیرقانونی تارکین وطن پاکستان میں نہیں رہ سکتے، معاملے پر افغان طالبان حکومت نے سخت ردعمل کا اظہار کیا جبکہ سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اس حوالے سے بیان بازی سے لگتا ہے وہ افغان حکومت کی ہمدردی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہماری جمہوری تاریخ میں بہت سی حکومتیں مدت پوری نہیں کرسکیں، جمہوریت کا مستحکم نہ ہونا ہماری ناکامی ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف گولہ باری کرنے والی جماعتیں ایک ساتھ ہوں گی تو حیرت نہیں ہوگی۔ نواز شریف کے کیسز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس طرح کی باتیں کرتے ہیں وہ درحقیقت پاکستان کے عدالتی نظام پر سوال اٹھا رہے ہیں، وہ یہ کہنا چاہ رہے ہیں کہ جو عدالتیں ہیں وہاں فکس میچ ہو رہا ہے اور یہ سارا ڈرامہ ہورہا ہے’۔ انہوں نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں یہ زیادتی ہے، انہی عدالتوں نے سب کو انصاف دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سپریم کورٹ کے احکامات پرعمل کے پابند ہیں، ہمارے پاس تعاون نہ کرنے کا آپشن ہی نہیں ہے۔