رواں موسم سرما کا اب تک کا سب سے تگڑا بارشوں کا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار

بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والا بارشوں کا سسٹم بیک وقت ملک کے بالائی علاقوں اور سندھ پر اثرانداز ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 11 دسمبر 2023 23:42

رواں موسم سرما کا اب تک کا سب سے تگڑا بارشوں کا سسٹم ملک میں داخل ہونے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 دسمبر2023ء) رواں موسم سرما کا اب تک کا سب سے تگڑا بارشوں کا سسٹم ملک میں داخل ہونے کیلئے تیار، بلوچستان کے راستے ملک میں داخل ہونے والا بارشوں کا سسٹم بیک وقت ملک کے بالائی علاقوں اور سندھ  پر اثرانداز ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق دسمبر کے دوسرے ہفتے میں بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں معمول سے کم سردی پڑنے کے بعد اب جلد ہی ملک میں سردی کی بھرپور لہر کی آمد کی پیشن گوئی کی گئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ آئندہ چند روز بعد ملک میں رواں موسم سرما کا اب تک کا سب سے تگڑا بارشوں کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سال موسم سرما کا بارش برسانے والا دوسرا سسٹم 15دسمبر کو بلوچستان میں داخل ہوگا، جو بیک وقت ملک کے بالائی علاقوں اورسندھ پر اثرانداز ہو سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس سسٹم کی بدولت ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشیں ہونے کا امکان ہے۔

جبکہ بارش کے سسٹم کے عقب میں موجود سرد ہوائیں کراچی اور دیہی سندھ کے اضلاع پر بھی اثرانداز ہو سکتی ہیں، جس کے نتیجے میں 18دسمبرسے کراچی میں درجہ حرارت گرنے اورموسم سرد ہونے کی توقع ہے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلودرہے گا ۔

پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح اور رات کے اوقات میں سموگ /دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔پیر کو محکمہ موسمیات کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا جبکہ شمالی علاقوں میں شدید سرد رہا۔پیر کو ریکارڈ کئے گئے کم سے کم درجہ حرارت لہہ منفی 10، سکردو منفی 7 ،کالام، گلگت، سری نگر منفی 5، گوپس منفی4، قلات اور استور میں منفی3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔