پاکستان سمیت دنیا بھر میں چائے کا عالمی دن 15دسمبر جمعہ کو منایا جائے گا

جمعرات 14 دسمبر 2023 20:28

جہانیاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2023ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں چائے کا عالمی دن 15دسمبر جمعہ کو منایا جائے گا پاکستان سمیت دنیا بھر میں دو ارب سے زائد چائے کے شوقین افراد یہ دن مناتے ہیں۔ اس دن کو منانے کا مقصد حکومت اور شہریوں کو عالمی کارکنان اور کسانوں پر، چائے کی تجارت کے اثرات کی جانب توجہ مبذول کروانا ہے۔پاکستان میں تو ویسے بھی چائے پیش کرنا ہماری ثقافت کا حصہ بن چکا ہے، مہمان آئیں یا بزرگوں کی سیاسی بیٹھک ہو، خوشی کا موقع ہو ہو یا دکھ کی گھڑی، چائے پیش کرنا ہماری تہذیبی روایات میں شامل ہو چکا ہے۔

پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر جہانیاں کا ایک مضافاتی علاقہ ٹھٹھہ صادق آباد ہے جہاں سب سے زیادہ چائے پی جاتی ہے ،ہوٹلوں ،چائے خانوں کی تعداد بھی یہاں سب علاقوں سے زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں چائے ایک مقبول ترین مشروب کا درجہ اختیار کر چکی ہے، روزانہ دو ارب لوگ اپنے دن کا آغاز گرم چائے کی پیالی سے کرتے ہیں۔تازہ اعداد وشمار کے مطابق دنیا بھر میں چائے کی سب سے زیادہ پیداوار کرنے والا ملک چین، اور اس کے بعد ہندوستان ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ چائے کی پتیوں کو پہلے سبزی کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔یہ دنیا کا مقبول ترین مشروب ہے جسے یومیہ دو ارب سے زائد لوگ پیتے ہیں۔