سکھر کی معروف سیاسی شخصیت میر مہر نے جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کردیا

اتوار 17 دسمبر 2023 20:30

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2023ء) سکھر کے معروف سیاسی و سماجی رہنما امیر بخش عرف میر مہر نے جے یوآئی میں شامل ہونے کا اعلان کردیا ، راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ ائندہ چند روز میں سندھ کی مزید اہم شخصیات جے یوآئی میں شامل ہونگی، سندھ میں گرینڈ الائنس کا اعلان چند روز میں کیا جائے گا ۔اتوار کو سکھر کی معروف سیاسی وسماجی شخصیت امیر بخش عرف میر مہر نے جے یوآئی میں شمولیت کا اعلان کردیا ہے۔

انہوں نے یہ اعلان اپنی رہائش گاہ پر ّجے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو اور مقامی رہنماؤں کی موجودگی میں کیا اس موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو آئی سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے ان کا اپنی جماعت میں شمولیت پر خیر مقدم کیا اور کہا کہ آئندہ چند روز میں سندھ کی کئی اہم شخصیات جے یوآئی میں شامل ہونے والی ہیں سندھ میں پیپلزپارٹی کے خلاف گرینڈ الائنس کی تیاریاں مکمل ہیں جلد اس کا اعلان ہوگا پیپلزپارٹی سے اتحاد کے لیے بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں لیکن ان کو یہ لکھنا پڑے گا کہ وہ کرپشن بند کردیں گےاور جو رقم یا فنڈز جس منصوبے کے لیے آتے ہیں اسی پر خرچ ہونگے ان کا کہنا تھا کہ دھونس اور دھاندلی کے ذریعے حکمرانی کرنے والے آج خوفزدہ ہیں وہ آر اوز اور ڈی آر اوز کو خریدنا بند کریں حلقہ بندیوں کو نہ چھیڑیں پھر جیت کر دکھائیں،پریس کانفرس کے موقع پر انکے ہمراہ جےیو آئی رہنما ،مولانا محمد صالح انڈھڑ ،آغا سید محمد ایوب شاہ ،مفتی سعود افضل ہالیجوی ،مولانا عبداللہ مہر ،مولانا عبدالحمید مہر ،قاری لیاقت علی مغل ،مفتی محمد اعظم مہر سمیت جے یو آئی علماء کرام کے رہنما و کارکنان موجود تھے ۔

(جاری ہے)

شمولیتی تقریب میں امیر بخش عرف میر مہر نے باقاعدہ طور پر جے یو آئی کے قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کے مشن پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے جے یو آئی میں شمولیت کا اعلان کیا۔