بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پیپلزپارٹی پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس

پیر 18 دسمبر 2023 23:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 دسمبر2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پی پی پی پنجاب کے پارلیمانی بورڈ کا اجلاس بلاول ہاوس لاہور میں منعقد ہوا۔اجلاس میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو پنجاب بھر سے موزوں امیدواروں کے نام پیش کیے گئے، اجلاس میں تیر کے نشان پر الیکشن لڑنے کے خواہشمند امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا اور امیدواروں کے کوائف، عوامی رابطوں کی مضبوطی اور ماضی کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں امیدواروں کی ترقی پسند ،جمہوری سیاست سے نظریاتی وابستگی سمیت ان کی اہلیت اور استعداد کے مختلف پہلوئوں پر بات چیت کی گئی،اجلاس میں نیئر بخاری، رانا فاروق سعید، ثمینہ خالد گھرکی، حسن مرتضی، شہزاد سعید چیمہ، اسلم گل، سردار سلیم حیدر، قمر زمان کائرہ، آصف بشیر بھاگٹ، تسنیم قریشی، سید عنایت علی شاہ، رائے شاہجہاں بھٹی ، مہر غلام فرید کاٹھیا،چوہدری منظور، ندیم افضل چن، اورنگزیب برکی، عامر فرید پراچہ اور ذوالفقار علی بدر بھی موجود تھے۔