سندھ ترقی پسند پارٹی گزشتہ 15 سالوں سے سندھ کو لوٹنے والوں کا بھرپور احتساب کرے گی، ڈاکٹر قادر مگسی

ہفتہ 23 دسمبر 2023 19:02

ٹنڈومحمدخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 دسمبر2023ء) سندھ ترقی پسند پارٹی کے چیئرمین ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی گزشتہ پندرہ سالوں سے بھٹو کے نام سندھ کے عوام کو لوٹ رہی ہے، 8 فروری کے عام انتخابات میں سندھ کی عوام اپنی ناانصافیوں کا بدلہ ووٹ کی طاقت سے لیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹنڈومحمدخان کے حلقہ پی ایس 67 پر کاغذات نامزدگی فارم جمع کرانے کے بعد میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر قادر مگسی کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو سندھ کی عوام سندھ کے وسائل سمیت سندھ کی دولت لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی، سندھ ترقی پسند پارٹی نے ہمیشہ سندھ اور سندھیوں کی بات کی ہے، سندھ پر قابض سابقہ حکمرانوں نے تعلیم اور صحت کے شعبے کو تباہ کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو کے نام پر ووٹ لینے والوں نے سندھ کی عوام کو دو وقت کی روٹی سے محروم کردیا ہے، سندھ ترقی پسند پارٹی کامیابی کے بعد سندھ دشمنوں سے حساب لے گی۔ اس موقع پر ترقی پسند پارٹی کے مرکزی رہنماء ڈاکٹر احمد نوناری نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی فارم جمع کرائے۔