کتوں نے مندر سے چندہ باکس چرانے کی کوشش ناکام بنا دی، ویڈیو وائرل

پیر 25 دسمبر 2023 17:15

کتوں نے مندر سے چندہ باکس چرانے کی کوشش ناکام بنا دی، ویڈیو وائرل
کانپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 دسمبر2023ء) بھارت میں ایک مندر کے باہر لگے چندہ باکس کو دو ملزمان نے چوری کرنے کی کوشش کی جس کو آوارہ کتوں نے ناکام بنا دیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اتر پردیش میں کانپور ضلع کے ایک مندر میں پیش آیا جہاں گھڑ سوار دو چوروں نے مندر کے باہر چندہ باکس کو لوٹنے کی ناکام کوشش کی اور یہ ساری کارروائی مندر میں لگے سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگئی،واردات کی یہ ویڈیو وائرل بھی ہو گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کی تاریکی میں رادھا کرشنا نامی مندر میں دو گھڑ سوار نوجوان آتے ہیں جن میں سے ایک نوجوان گھوڑے پر بیٹھا علاقے کی نگرانی کرتا ہے جب کہ دوسرا اتر کر مندر کے احاطے میں جاکر وہاں نصب چندہ باکس کو اکھاڑنے کی کوشش کرتا ہے تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جا سکیں لیکن وہ ایک انچ بھی اپنی جگہ سے نہیں ہلتا۔

(جاری ہے)

تاہم اسی کوشش کے دوران ایک آوارہ کتا وہاں آتا ہے اور انجان افراد کو دیکھ کر بھونکنا شروع کر دیتا ہے جس کو دیکھ کر دیگر کتے بھی وہاں آ جاتے ہیں اور ایک ساتھ بھونکنے لگتے ہیں جس کو سن کر سوئے ہوئے اہل علاقہ جاگ کر گھروں سے نکل آتے ہیں۔چور لوگوں کو آتا دیکھ کر سب کچھ چھوڑ چھاڑ گھوڑے پر بیٹھ کر وہاں سے رفوچکر ہو جاتے ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل بھی بھارت میں مندر میں چوری کی کئی وارداتیں ہو چکی ہیں۔ رواں سال ستمبر میں جھارکھنڈ کے پلامو ضلع میں 150 سال پرانے مندر سے ایک قیمتی مورتی چوری ہو گئی تھی جس کو بعد ازاں پولیس نے برآمد کرا لیا تھا۔

متعلقہ عنوان :