پاکستان کومعاشی، سماجی اور اخلاقی ترقی کی جانب گامزن کرنے کیلئے قائداعظم کےاصولوں پرعمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے،وزیراعلی سندھ

پیر 25 دسمبر 2023 19:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 دسمبر2023ء) سندھ سمیت تمام دنیا کے لوگوں کو حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت اور اہل وطن کو بانی پاکستان حضرت قائد اعظم محمد علی جناح کا 148 واں یومِ پیدائش مبارک ہو۔ پیر کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ بات نگران وزیراعلی سندھ جسٹس(ر)مقبول باقرنے قائداعظم کی یوم پیدائش اور کرسمس کی مناسبت سے کراچی آرٹس کانسل میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے موقع پر کہی۔

تقریب میں صوبائی وزرا، محمد احمد شاہ، جنید شاہ، میئر کراچی مرتضی وہاب، آرٹس کونسل کے عہدیدار ڈاکٹر محمد ایوب شیخ اور دیگر اہم شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں سندھ سمیت تمام دنیا کے لوگوں کو حضرت عیسی علیہ السلام کے یوم ولادت پرمبارک باد دیتا ہوں اور ہم پاکستانیوں کے لیے آج خوشی کا موقع ہے کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا 147واں یومِ پیدائش منا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

جسٹس (ر)مقبول باقر نے کہا کہ زندہ قومیں چاہے وہ کسی مذہب سے ہوں اپنے محسنوں کوہمیشہ یاد رکھتی ہیں۔ ہم سب مل کر آج یہاں قائدا عظم کی بے لوث، انتھک اور شب و روز محنت کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قائد اعظم محمد علی جناح کی بدولت ہم آج آزاد مملکت میں سانس لے رہے ہیں۔ مجھے اس بات کی بھی خوشی ہے کہ آج پیغمبرِ خدا حضرت عیسی علیہ السلام کا یومِ ولادت بھی ہے۔

عیسائی برادری سمیت تمام مذاہب کے پیروکاروں کے لیے تکریم کا اور مقدس دن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں سندھ اور پاکستان بھر کے لوگوں کو کرسمس ڈے کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، عیسائی برادری کو یہ کہوں گا کہ ہم سب آپ کی خوشیوں میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے مزید نے کہا کہ میں نے اقلیتی امور کی وزارت ایسے شخص کے سپرد کی ہے جس کی زندگی بلاتفریق مذہب اور رنگ و نسل حقوقِ انسانی کے لیے جہدِ مسلسل سے عبارت ہے۔

نگران وزیراعلی سندھ مقبول باقر نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ سندھ کے ساحل سے سیاچن کے دامن تک پھیلی ہوئی دھرتی میں رنگا رنگ تہذیب و ثقافت کے جلوے دیکھنے کو ملتے ہیں، اگرچہ ہم بری معاشی و سماجی صورتحال سے دوچار ہیں مگر اس کے مجموعی ذمہ دار ہم خود ہیں، ہمیں اس سے نکلنے کے لیے نئی منزلوں کا تعین کرنا ہو گا اور ایسی راہوں کا انتخاب کرنا ہو گا جو معاشی، سماجی اور اخلاقی ترقی کی جانب ہوں اور اس کا حل بانی پاکستان نے بہت پہلے بتا دیا تھا جس پر عمل پیرا ہونے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قائد اعظم نے 13 نومبر 1939 کو عید کے موقع پر نصیحت کی تھی کہ میں آپ کو مصروف عمل ہونے کی تاکید کرتا ہوں، کام کام اور بس کام، سکون کی خاطر، صبر و برداشت اور انکساری کے ساتھ اپنی قوم کی سچی خدمت کرتے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان قوم کی بنیاد ہوتے ہیں جس کے بغیر کوئی عمارت کھڑی نہیں ہوسکتی۔ قبل ازیں کراچی آرٹس کونسل آمد پر وزیراعلی سندھ جسٹس (ر) مقبول باقر کا وزیر اطلاعات و اقلیتی امور اور آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ اور عہدیداراں نے استقبال کیا۔