نئی دہلی میں 350 سالہ قدیم سنہری باغ مسجد کو شہید کرنے کی تیاریاں مکمل

بدھ 27 دسمبر 2023 20:49

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 دسمبر2023ء) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کی میونسپل کونسل نے شہر میں واقع 350 سال قدیم سنہری باغ مسجد کو شہید کرنے کی تیاریاں مکمل کرنے کے بعد ایک نوٹس جاری کر کے مسجد کو شہید کرنے سے قبل اعتراضات طلب کئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق جمعیت علمائ ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کو خط لکھ کر قدیم مسجد سنہری باغ کے ممکنہ انہدام پر سخت ناراضی کا اظہار کیا ہے۔

مولانا محمود اسعد مدنی نے اپنے ایک خط میں وزیراعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم نئی دہلی میونسپل کونسل کی جانب سے مسجد سنہری باغ کے ہٹانے سے متعلق رائے عامہ کے حصول کے نوٹیفکیشن پر تشویش کا اظہار کرتے ہیں، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اس طرح کی کارروائی ہمارے مشترکہ ورثے کو شدید نقصان پہنچائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یہ مسجد ملک کے مرکزی جگہ پر طویل عرصہ سے قائم ہے جو ہمارے ملک کے بھرپور ثقافتی اور تاریخی ورثے کی گواہ ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ مسجد ہیریٹیج عمارت میں شامل ہے ہم آپ سے گزارش کرتے ہیں کہ آپ بذات خود اس معاملے کا نوٹس لیں اور مسجد سنہری باغ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ دریں اثنا جمعیت علمائ ہند کے ایک مرکزی وفد نیسنہری باغ مسجد پہنچ کرامام مولانا عبدالعزیز سے ملاقات کی اور مسجد سے متعلق پوری صورت حال سے آگاہی حاصل کی۔ امام صاحب نے بتایا کہ ہماری مسجد سرکار کی طرف سے سیکوریٹی کی ہر ہدایت پر عمل پیرا ہوتی ہے نیز اس مسجد کی وجہ سے ٹریفک کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے ، بس ہم اللہ سے دعائ کرتے ہیں کہ وہ اس مسجد کی حفاظت فرمائے۔