کراچی ، تحریک جوانان پاکستان و کشمیر کی ریلی اور مقررین نے سکیورٹی فورسز کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا

بدھ 27 دسمبر 2023 23:30

کراچی، 27 دسمبر (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 دسمبر2023ء) تحریک جوانان پاکستان و کشمیر ( ٹی جے پی کے )سندھ چیپٹر نے بدھ کو اس سرزمین کے بہادر بیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز اور ان شہدا پاکستان کے حق میں زندہ باد ریلی نکالی جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ٹی جے پی کے کے چیئرمین محمد عبداللہ حمید گل کی قیادت میں ریلی پی سی ہوٹل سے شروع ہوئی اور شاہراہ فیصل، قیوم آباد کورنگی اور شہر کے دیگر علاقوں سے ہوتی ہوئی ابراہیم حیدری پر اختتام پذیر ہوئی۔

ریلی کے اختتامی مقام پر عوام کی جانب سے ریلی کے شرکا کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبداللہ گل نے افواج پاکستان کے ان شہدا کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے پاکستان کی سلامتی اور سالمیت کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ملک کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے اپنی صفوں میں اتحاد اور نظم و ضبط پیدا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو منفرد جغرافیائی مناظر اور قیمتی قدرتی وسائل سے نوازا ہے اور اب یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ ہم اس کی ترقی کے لیے ایمانداری اور لگن سے کام کریں۔ عبداللہ گل نے محنت کش طبقہ کی نہ صرف اپنے خاندانوں کا پیٹ پالنے بلکہ قومی اقتصادی ترقی میں بھی حصہ ڈالنے کے لیے انتھک کوششوں کی بھی تعریف کی۔ ٹی جے پی کے کراچی کے پروگرام کوآرڈینیٹر رانا ندیم اور ٹی جے پی کے سندھ کے سیکرٹری اطلاعات سلمان عباسی نے بھی عوامی اجتماع سے خطاب کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ اپنے ووٹ کا حق جانفشانی سے استعمال کریں اور ایسے لوگوں کو منتخب کریں جو قوم اور ملک سے مخلص ہوں۔