الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری

منگل 2 جنوری 2024 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے الیکشن اپیلٹ ٹربیونلز میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد یا منظور ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔پی ٹی آئی کے مزید دس امیدواروں نے اپیلیں دائر کر دیں۔

(جاری ہے)

قومی اسمبلی حلقہ این اے 82،پی پی80 اور71 سے نعیم حیدر پنجوتہ،این اے 112 اور پی پی135 سے امیدوار رانا اعجاز جمیل حسن،این اے 99 اور پی پی107 سے امیدوار عمر فاروق سمیت 10 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی کے مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں دائر کر دیں۔

اپیلوں میں موقف اختیار کیا گیا کہ ریٹرننگ افسران نے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کا درست جائزہ نہیں لیا،لہذا ٹربیونل سے استدعا ہے کہ ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کو کالعدم قرار دے جبکہ دوسری جانب پی ٹی آئی کے امیدوار بلخ شیر کے تجویز اور تائید کنندہ کو حراست میں لینے کے خلاف پولیس کو بازیاب کروا کے جمعہ کے روز پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ دریں اثنا مخصوص نشستوں پر پی ٹی آئی امیدواروں کے کاغذات کی سکروٹنی نہ کرنے سے متعلق کیس پر کارروائی10 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔