امریکی حکومت کے قرضے تاریخ میں پہلی بار 340 کھرب ڈالر سے تجاوز کر گئے

بدھ 3 جنوری 2024 09:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2024ء) امریکی حکومت کے قرضے تاریخ میں پہلی بار 340 کھرب ڈالر سے تجاوز کر گئے ہیں جو چین کے کل قرضے کے دوگنا سے بھی زیادہ ہیں۔ رشیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق آبادی پر تقسیم کرنے کی صورت میں ہر ایک امریکی شہری اب ایک لاکھ2ہزار ڈالر یا ہر خاندان دو لاکھ 60 ہزار ڈالر کا مقروض ہے ۔ امریکی مالیاتی ادارے پیٹر جی پیٹرسن فاؤنڈیشن کے مطابق امریکی حکومت کا مجموعی قرض تقریباً چین، جرمنی، جاپان، بھارت اور برطانیہ کی مشترکہ معیشتوں کے حجم کے برابر ہے۔

فاؤنڈیشن کے سی ای او مائیکل پیٹرسن نے کہا کہ ہم ایک نئے سال کا آغاز کر رہے ہیں، لیکن ہمارا قومی قرض اسی نقصان دہ اور غیر پائیدار راستے پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال قرضوں میں کھربوں ڈالر کا اضافہ امریکی پالیسی سازوں کے لئے باعث تشویش ہونا چاہیے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کے اندازے کے مطابق چینی حکومت کے قرضوں کا حجم گزشتہ سال کے اختتام پر 140 کھرب ڈالر تھا لیکن امریکی حکومت کا قرضہ دنیا کے پانچ سب سے بڑے قرض دہندگان چین، جاپان، برطانیہ، فرانس اور اٹلی کے مجموعی قرضے کے برابر ہے۔

چینی حکومت کے قرضے چین کے جی ڈی پی کے 83 فیصد ، امریکی حکومت کے قرضے امریکا کے جی ڈی پی کے 123 فیصد اور جاپان کی حکومت کے قرضے جاپان کے جی ڈی پی کے 255 فیصد تک پہنچ چکے ہیں۔تین سال قبل صدر جو بائیڈن کے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے امریکی قرضوں میں 62.5 کھرب ڈالر یعنی 23 فیصد اضافہ ہوا ہے۔امریکا کے حکومتی قرضوں کا حجم 60 کھرب ڈالر تک پہنچنے میں تقریباً 225 سال لگے لیکن گزشتہ دو دہائیوں میں امریکی حکومت کے قرضوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

اس میں باراک اوباما کے آٹھ سال کے صدر کے دوران 90 کرب ڈالر سے زیادہ کا اضافہ ہوا، پھر ڈونلڈ ٹرمپ کے چار سالہ دور میں 78 کھرب ڈالر کا اضافہ ہوا۔مزید براں گزشتہ مالی سال کے دوران امریکی قرضوں پر سود 659 ارب ڈالر تک پہنچ گیاجو روس کے وفاقی بجٹ کا دوگنا ہے۔رواں مالی سال کے دوران امریکی حکومت کے قرضوں پر سود کا حجم 750 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے جو یومیہ دو ارب ڈالر بنتا ہے۔