آصف علی زرداری سے مختلف سیاسی شخصیات کی ملاقاتیں،پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی

وہاڑی سے مسلم لیگ ن کے رہنماءمحمدایوب سندیلا اورعمران سندیلا بھی ن لیگ چھوڑ کرپیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 5 جنوری 2024 11:40

آصف علی زرداری سے مختلف سیاسی شخصیات کی ملاقاتیں،پیپلزپارٹی میں شمولیت ..
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 جنوری2024ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنیزکے صدر آصف علی زرداری سے مختلف سیاسی شخصیات نے ملاقات کی اور پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ان شخصیات نے ملتان بلاول ہاﺅس میں سابق صدر مملکت سے ملاقاتیں کیں ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ملاقات میں پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم احمد محمود سمیت دیگر پارٹی رہنماءبھی موجود تھے ،پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والوں میں وہاڑی سے مسلم لیگ ن کے رہنماءمحمدایوب سندیلااور عمران سندیلا نے ن لیگ چھوڑ کرپیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی جبکہ بہاول نگر سے سابق رکن پنجاب اسمبلی میاں محمدعلی لالیکا ،ر اﺅ نجیب الرحمان ،راﺅ عزیز الرحمان اور افتخار احمد نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنیزکے صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کرنے والے دیگر افراد میں ن لیگ کے سابق رکن پنجاب اسمبلی سردارمحمدنوازرند نے بھی اپنے بیٹے سمیت پارٹی میں شمولیت اختیار کی اسی طرح رحیم یار خان سے مسلم لیگ ن کے سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی میاں شہزاد انور بھی پیپلزپارٹی میں شامل ہوگئے واضح رہے کہ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرنیزکے صدر آصف علی زرداری متعددباریہ دعویٰ کرچکے ہیں کہ وہ اس بار پنجاب میں بہت بڑا سرپرائز دیں گے اور پیپلزپارٹی کو پنجاب کا قلعہ بنائیں گے ان کا کہنا تھا کہ اس بار ہم پوری تیار ی کے ساتھ پنجاب میں الیکشن میں اتریں گے اور پنجاب کا وزیراعلیٰ بھٹو شہید کا جیالا ہوگا ۔

ہماری تمام سیاسی جماعتوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے اور آنے والے دنوں میں مزید سیاسی شخصیات بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کرینگی