فلم ’وکھری‘ پاکستان میں ریلیز کردی گئی

جمعہ 5 جنوری 2024 22:53

فلم ’وکھری‘ پاکستان میں ریلیز کردی گئی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2024ء) فلم ’وکھری سینماء گھروں میں ریلیز کردی گئی۔فلم کی مصنفہ اور ہدایت کارہ ارم پروین بلال جبکہ فلم کے پروڈیوسر عابد عزیز مرچنٹ، اپوروا بخشی اور ارم پروین بلال ہیں۔ اس کے علاوہ مولا جٹ کی کامیابی کے بعد مانڈوی والاانٹرٹینمنٹ نے فلم کی ڈسٹری بیوشن کیلئے وکھری کے ساتھ دستخط کیے ہیں۔

کراچی میں نیو پلکس سنیما ڈی ایچ اے میں وکھری کا پاکستان پریمیر پیش کیا گیا جس نے اپنی سحر انگیز کہانی اور غیر معمولی ہدایات کاری سے شائقین کو محظوظ کیا۔ پریمیئر ایک اہم سنگ میل تھا، یہ فلم مقامی سماجی پس منظر سے ہم آہنگ ہے جس سے پاکستانی سنیما میں فلم کی الگ پہچان کو تقویت ملی۔ایوارڈ یافتہ ہدایت کارہ ارم پروین بلال نے کہاکہ سب سے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ فلم وکھری ہمارے لوگوں کیلئے بنائی گئی ہے اور یہ پاکستان اور دنیا بھر کی خواتین کیلئے میرا محبت نامہ ہے، فلم کا مقصد فلم معاشرے کے مظلوم افراد کی آواز کو دنیا تک پہنچانا ہے۔

(جاری ہے)

میں نے انسانیت کے ساتھ اپنا تعلق استوار کرنے اور سامعین کے ساتھ مل کر معاشرے کے پیچیدہ مسائل کو اجاگر کرنے کیلئے فلمیں بنانا شروع کیں۔ فلم کی ملک بھر میں ریلیز کو یقینی بنانا ہماری محنتی اور سرشار کی ٹیم کی ایک کامیابی ہے۔وکھری کی کہانی پاکستان میں ایک بیوہ سکول ٹیچر کے گرد گھومتی ہے جس کی تلخ اور حقائق پر مبنی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر راتوں رات وائرل ہوجاتی ہے، ایک انفلیونسر کے طورپر اسے قدیم اصولوں اور پوشیدہ شناختوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ایک ایسی دنیا میں اپنے دس سالہ بچے کی پرورش کرنی ہے جہاں خواتین کو فزیکلی یا ڈیجٹیل دنیا میں اپنے حق کیلئے آواز بلند کرنے اور اپنا مقام بنانے کیلئے جدوجہد کرنی پڑتی ہے۔