الیکشن ٹریبونلز میں اپیلوں کی سماعت ، غلام مصطفی کھر اور انکی اہلیہ سمیت 13 امیدوار الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار

جمعہ 5 جنوری 2024 21:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2024ء) لاہور ہائی کورٹ ملتان بینچ میں قائم الیکشن ٹریبونلز میں اپیلوں پر سماعت کا سلسلہ جاری ہے۔جمعہ کے روز مجموعی طور پر 70 اپیلوں پر سماعت ہوئی۔ سابق گورنر غلام مصطفی کھر اور انکی اہلیہ سمیت 13 امیدواروں کی اپیلیں منظور اور انہیں الیکشن لڑنے کیلئے اہل قرار دے دیا گیا۔جبکہ 07 امیدواروں کی اپیلیں خارج کر دی گئیں جو الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔

اپیلیٹ ٹربیونل نے سماعت کرتے ہوئے وکلاء دلائل کے بعد این اے 180 کوٹ ادو سے سابق گورنر غلام مصطفیٰ کھر انکی اہلیہ ایونیہ کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے،اپیلیٹ ٹربیونل کے جج جسٹس علی ضیاء باجوہ نے غلام مصطفیٰ کھر کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کا اہل قرار دے دیا ۔

(جاری ہے)

اسی طرح پی پی 282 سے اسامہ گجر ،این اے 152 اور پی پی 221 سے عمران شوکت، قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 158 وہاڑی سے زاہد اقبال اور طاہر اقبال ، چیچہ وطنی پی پی 204 سے عادل سعید چوہدری ،این اے 157 محمد علی لنگڑیال ، سید دوست محمد اور ملک محمد وقاص، اور پی پی 213 سے محمد عدنان ، پی پی 289 ڈی جی خان سے عدنان اشفاق جبکہ کروڑ لعل عیسن سے چوہدری اختر مقبول کو بھی الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی ہے۔

ادھر پی پی 234 صوبائی اسمبلی کے حلقہ سے زاہد اقبال اور طاہر اقبال کے اپیلیں خارج کر دی گئی جبکہ منور مسیح ، عابد محمود ، سلیمان بھابھہ، سجاول اسلم، شہباز احمد کی اپیلیں بھی خارج کرتے ہوئے انہیں الیکشن لڑنے کے لئے نا اہل قرار دے دیا گیا جبکہ عامر ڈوگر اور عثمان ڈوگر کے خلاف کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف دائر پٹیشن پر سماعت ہفتہ چھ جنوری تک ملتوی کر دی گئی،جمعہ کو اپیلیٹ ٹربیونل کے جج سردار محمد سرفراز ڈوگر نے 23 اپیلوں پر سماعت کی جبکہ اپیلیٹ ٹربیونل کے جج جسٹس علی ضیاء باجوہ نے 47 اپیلوں پر سماعت کی،ملتان اپیلیٹ ٹربیونل میں ریٹرنگ آفیسرز کے فیصلوں کے خلاف 219 اپیلیں دائر ہوئیں تھیں ،جن میں مختلف اضلاع پاکپتن، ساہیوال، وہاڑی، لودھراں، مظفرگڑھ، ڈیرہ غازی خان، اور لیہ، چیچہ وطنی کے امیدواروں نے اپیلیں دائر کی تھیں،ان دائر شدہ اپیل درخواستوں پر 10 جنوری تک الیکشن ٹریبونل سماعت کے بعد حکم جاری کرے گا۔