فواد چوہدری این اے 60 اور این اے 61 سے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار

فواد چوہدری کے خلاف اعتراضات درست قرار، ریٹرنگ افسران کا فیصلہ برقرار،الیکشن ٹریبونل نےفواد چوہدری کے کاغذات مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں خارج کر دیں

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 9 جنوری 2024 14:50

فواد چوہدری این اے 60 اور این اے 61 سے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 جنوری2024ء) سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری این اے 60 اور این اے 61 سے الیکشن لڑنے کے لیے نااہل قرار دئیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن ٹریبونل نے سابق پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر فیصلہ سنا دیا ۔ الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل خارج کر دی۔

کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف فیصلہ الیکشن ٹربیونل کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے سنایا ۔ سابق وزیر فواد چوہدری نے جہلم کے حلقہ این اے 60 اور این اے 61 سے کاغذات نامزدگی جمع کروائے تھے ۔ آر او آفس کے اعتراضات کے خلاف فواد چوہدری نے الیکشن ٹریبونل میں اپیل دائر کر رکھی تھی۔الیکشن ٹریبونل نے فواد چوہدری کے خلاف اعتراضات درست قرار دیتے ہوئے ریٹرنگ افسران کا فیصلہ برقرار رکھا۔

(جاری ہے)

ادھر الیکشن اپیلٹ بنچ نے این اے 71 سیالکوٹ سے ریحانہ امتیاز ڈار کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی، عثمان ڈار کی والدہ ریحانہ ڈاراور بھابھی روبا عمر کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔جسٹس شکیل احمد پر مشتمل الیکشن اپیلٹ بنچ نے اپیل پر سماعت کی ۔ ایپلٹ ٹربیونل نے ریٹرننگ افسر کا فیصلہ کالعدم قرار دیدیا، درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وہ سیالکوٹ سے قومی اسمبلی کا الیکشن لڑ رہی ہیں، سیاسی بنیادوں پر اس کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے گئے۔

اس پر الزام لگایا گیا کہ اس کا کفیل کون ہے۔ اس پر 40 مرلہ اراضی جعلسازی سے ہتھیانے کا الزام لگایا گیا۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ عدالت اس کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا آر او کا فیصلہ کالعدم قرار دے، عدالت اس کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے۔