Live Updates

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، بجٹ تقریر کی کاپیاں پھاڑدیں

ن لیگی خواتین اراکین نے وزیراعلیٰ مریم نواز کے گرد حفاظتی حصار بنالیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 16 جون 2025 15:09

پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، بجٹ تقریر کی کاپیاں پھاڑدیں
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون 2025ء ) پنجاب اسمبلی میں صوبائی بجٹ پیش کیے جانے کے دوران اپوزیشن کی جانب سے ہنگامہ آرائی کرتے ہوئے بجٹ تقریر کی کاپیاں پھاڑدی گئیں۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی ایوان کے بجٹ اجلاس میں شرکت کیلئے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی پنجاب اسمبلی آمد پر تحریک انصاف کے ممبران اسمبلی نے بھرپور احتجاج کیا، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں تحریک انصاف کے ممبران نے احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی، پنجاب اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا ، حزب اختلاف کے اراکین اسمبلی نے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر سپیکر اور وزیر خزانہ پر پھینک دیں، اس دوران اپوزیشن نے سپیکر ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا، اس موقع پر مسلم لیگ ن کی خواتین اراکین اسمبلی نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کی کرسی کے گرد حفاظتی حصار بناتے ہوئے چاروں طرف سے گھیر لیا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پنجاب کے وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے صوبے کا آئندہ مالی سال کے لیے 5 ہزار 335 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال کی طرح یہ بجٹ بھی ٹیکس فری ہے، حکومت پنجاب نوازشریف کی رہنمائی پر چل رہی ہے، وزیراعلیٰ نے پنجاب کو ترقی کی مثال بنادیا ہے، رمضان میں عوام کے گھروں تک نگہبان پیکج پہنچایا گیا، غریب کے سرپر اپنی چھت، نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپس دیئے جارہے ہیں، بچوں اور بچیوں کو سکوٹیز مل رہی ہیں، نوجوانوں کیلئے کھیلوں کے میدان آباد ہوگئے ہیں، بچوں کو سکولوں میں جدید معیار تعلیم اوردودھ مل رہا ہے، پنجاب میں وائی فائے عام ہے اور ترقی پاتا پنجاب ابھررہا ہے، 365 دنوں میں 6 ہزار 104منصوبے مکمل کیے گئے، کامیابی کامرانی اورعوام کی خدمت وزیراعلیٰ کی قابل فخر کہانی ہے، نظام، تحریک اورسوچ بدل رہی ہے، ایک سال میں گورننس کی رفتار اورمعیار بدل دی ہے۔

Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات