برطانوی ہائی کمشنرکا میرپورکا دورہ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ کاعزم

جین میریٹ کامیرپورحکام سے ملاقاتیں ،چیمبرزآف کامرس اورفٹبال اکیڈمی کادورہ

بدھ 10 جنوری 2024 22:55

میرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جنوری2024ء) پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے ایک بار پھرپاک برطانیہ تعلقات کے مزیدفروغ کے عزم کااعادہ کیا ہے۔ برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے میرپور آزاد کشمیر کو دورہ کیا،ان کے ہمراہ فارن، کامن ویلتھ اینڈ ڈیولپمنٹ آفس میں پاکستان ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ رچرڈ لنڈسے بھی تھے۔

برطانوی ہائی کمشنرنے دورے کے دوران بیرسٹر سلطان محمود کے ہمراہ کمشنر،ڈی آئی جی اور دیگرحکام سے ملاقاتیں کیں،اوربرطانیہ میں مقیم پاکستانیوں سے بھی ملاقات کی،اس دوران انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر نے مقامی حکام کی مسلسل حمایت اورتعاون پرشکریہ ادا کیا۔ خیال رہے کہ ایک اندازے کے مطابق 70فیصد برطانوی پاکستانیوں کا تعلق میرپور سے ہے،ہائی کمشنر کو یہ بات جان کر خوشی ہوئی کہ کس طرح بین الثقافتی اثرات نے میرپور کو آج اس شہر کی شکل دی ہے۔

(جاری ہے)

جین میریٹ نے میرپورچیمبرزآف کامرس کادورہ بھی کیا اور کہا کہ پورے پاکستان میں ہم مل کر بہت کچھ کرسکتے ہیں،تجارت وسرمایہ کاری کیفروغ اورنئی ٹیکنالوجیزلائی جاسکتی ہیں۔برطانوی ہائی کمشنرجین میریٹ نے مسلم ہینڈزفٹبال اکیڈمی کابھی دورہ کیااور قطر میں اسٹریٹ چلڈرن فٹبال ورلڈ کپ میں رنرزاپ ٹیم سے ملاقات کی۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ میرپوراکیڈمی میں فٹ بال کا ٹیلنٹ ناقابل یقین ہے،قطر میں ٹیم کی کارکردگی کے بارے میں جان کر خوشی ہوئی ،پاکستان اوربرطانوی عوام کوکھیلوں سے بے پناہ محبت ہے،برطانیہ فٹبال سمیت پاکستان میں کھیلوں کوفروغ دینے کیلئے پرعزم ہے۔

ہائی کمشنر اور پاکستان ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ نے صدر بیرسٹر سلطان محمود کے ہمراہ میرپور میں برطانوی کمیونٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی تاکہ ان کی ترجیحات اور عوام کے درمیان روابط کی اہمیت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔