Live Updates

ن لیگ نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کیلئے انتخابی ٹکٹوں کا اعلان کردیا

قائد ن لیگ نے پارلیمانی بورڈ کے انٹرویو کے بعد ٹکٹوں کی منظوری دی، چیئرمین مرکزی سیل اسحاق ڈار نے ٹکٹیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 10 جنوری 2024 23:19

ن لیگ نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کیلئے انتخابی ٹکٹوں کا اعلان ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 10 جنوری 2024ء) پاکستان مسلم لیگ ن نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کیلئے انتخابی ٹکٹوں کا اعلان کردیا ہے، قائد ن لیگ نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کے بعد ٹکٹوں کی منظوری دی، چیئرمین مرکزی سیل اسحاق ڈار نے ٹکٹیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ اعلامیہ پی ایم ایل این کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن نے گوجرانوالہ اور راولپنڈی ڈویژن کیلئے انتخابی ٹکٹوں کا اعلان کردیا ہے، قائد ن لیگ نے پارلیمانی بورڈ کی سفارشات کے بعد ٹکٹوں کی منظوری دی، چیئرمین مرکزی سیل اسحاق ڈار نے ٹکٹیں جاری کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

راولپنڈی ڈویژن میں اٹک، راولپنڈی، چکوال ، تلہ گنگ اور جہلم اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح گوجرانوالہ ڈویژن میں گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد ، منڈی بہاؤالدین ، سیالکوٹ ، نارووال، گوجرانوالہ کے اضلاع کے قومی و صوبائی اسمبلی کیلئے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں۔


دوسری جانب الیکشن ٹربیونل کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے نوازشریف کاغذات نامزدگی کے خلاف اپیل کا فیصلہ سنا دیا ہے، جسٹس احمد ندیم ارشد نے نوازشریف کے این اے 130 سے کاغذات نامزدگی کو درست قرار دیا ہے، اشتیاق چوہدری ایڈووکیٹ نے نوازشریف کاغذات کے خلاف اپیل دائر کی تھی۔

اسی طرح این اے 132 کیلئے شہبازشریف کے بھی کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی گئی ہے، الیکشن ٹربیونل نے شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیئے ہیں۔ مزید برآں لاہور ہائیکورٹ کے ایپلٹ ٹربیونل نے مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے لاہور کے حلقہ این اے 119سے کاغذات نامزدگی منظوری کے خلاف اپیل مسترد کر دی۔ جج جسٹس احمد ندیم نے پاکستان مسلم لیگ ن کی سینئر نائب صدرمریم نواز کے این اے 119سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کیخلاف دائر اپیل پرفیصلہ سناتے ہوئے اپیل خارج کرتے ہوئے چیف آرگنائزمسلم لیگ ن مریم نواز کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی ۔

پاکستان تحریک انصاف ندیم شیروانی نے مریم نواز کے کاغذات منظور ہونے کیخلاف اپیل دائر کی تھی۔ واضح رہے کہ ریٹرننگ افسر نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی چیف آرگنائزر مریم نواز کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کئے تھے۔ پی ٹی آئی کے این اے 119 سے امیدوار ندیم شیروانی نے آر او کے فیصلے کے خلاف ایپلٹ ٹریبونل میں اپیل دائر کی تھی جسے مسترد کر دیا گیاتھا ۔

اپیلٹ ٹریبونل نے مریم نواز کے حلقہ این اے 119سے کاغذات نامزدگی منظور کرنے سے متعلق فیصلہ محفوظ کیا تھا ۔واضح رہے کہ عام انتخابات 2023 کے لئے ریٹرننگ افسران ( آر اوز ) کی جانب سے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کے خلاف اپیلٹ ٹریبونلز کی طرف سے اپیلوں پر فیصلوں کا آج آخری روز ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست 20 جنوری کو جبکہ کاغذات نامزدگی 22 جنوری کو واپس لئے جا سکیں گے، امیدواروں کی فہرست 23 جنوری کو جاری کی جائے گی جبکہ جنرل نشستوں پر امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 11 جنوری کو شائع کی جائے گی،شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی 12 جنوری کو واپس لئے جاسکیں گے۔

الیکشن کمیشن امیدواروں کو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ 13 جنوری کریگا جبکہ ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہو گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات