وفاقی سطح پر جامعہ کراچی کے حلال ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس کے معیار کا اعتراف

پی ایچ اے اسلام آباد کی جانب سے رجسٹریشن سرٹیفیکٹ، بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی میں اجلاس

جمعرات 11 جنوری 2024 19:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2024ء) پاکستان حلال اٹھارٹی(پی ایچ ای)، اسلام آباد، وفاقی وزارت برائے سائینس اور ٹیکنالوجی نے ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی کے تحت چلنے والی حلال سرٹیفکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس (ایچ سی ٹی آر ایس)کو رجسٹریشن سرٹیفیکٹ جاری کردیاہے،ایچ سی ٹی آر ایس، جامعہ کراچی کو پبلک سیکٹر تحقیقی اداروں میں واحد حلال سروس فراہم کرنے والا ادارہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے جوحلال مسائل کے عنوان سے ریگولیٹری حکام، صنعتوں، اکیڈمیا اور صارفین کو پائیدار حل فراہم کرتا ہے۔

یہ بات بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم(آئی سی سی بی ایس)جامعہ کراچی کی سربراہپروفیسر ڈاکٹر فرزانہ شاہین کی صدارت میں ایچ ای جے ریسرچ انسٹی ٹیوٹ آف کیمسٹری، جامعہ کراچی میں جمعرات کو منقعدہ ایک اجلاس کے دوران کہی گئی۔

(جاری ہے)

پروفیسر فرزانہ شاہین نے ایچ سی ٹی آر ایس پروجیکٹ ٹیم بشمول پروفیسر ڈاکٹرسید غلام مشرف، ڈاکٹر اشتیاق احمد اور ڈاکٹر شکیل احمد سمیت ٹیم کے دیگر ممبران کواس کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔

انھوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ رجسٹریشن سرٹیفیکٹ ایک اہم سنگِ میل ہے جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ حلال سرٹیفکیشن ٹیسٹنگ اینڈ ریسرچ سروس جامعہ کراچی اپنے لیبارٹری آپریشن میں معیار اور بہترین کارکردگی کے لیے پر عزم ہے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی مرکز جامعہ کراچی کے پروفیسر ولف گینگ فولٹر لیبارٹریزکامپلیکس میں قائم ایچ سی ٹی آر ایس متعدد شعبوں میں حلال سے متعلق اسناد پیش کر رہا ہے ان شعبوں میں جانوروں کی اصل خوراک یعنی ذبح کرنے، گوشت اور گوشت کی مصنوعات، پودوں کی اصل خوراک، مشروبات، تمام پراسس شدہ کھانے، کھانے کی سروس او ر سہولیات، برآمد، درآمد، تقسیم، ریٹیل، متعلقہ پیکچنگ اور اسٹوریج کے ساتھ نقل و حمل اور معاون خدمات وغیرہ شامل ہیں۔

شیخ الجامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی، سابق وفاقی وزیر برائے سائینس اور ٹیکنالوجی اور پروفیسرامریطس ڈاکٹر عطا الرحمن اور کامسٹیک کے کوارڈینیٹر جنرل اور ادویاتی اور بائیو آرگینک نیچرل پروڈکٹ کیمسٹری پر قائم یونیسکو چیئر کے نگراں (چیئر ہولڈر) پروفیسر ڈاکٹرمحمد اقبال چوہدری نے بھی ایچ سی ٹی آر ایس کی ٹیم کو ان کی اس کامیابی اور کارکردگی پر مبارکباد دی ہے۔